پی ٹی آئی میں فارورڈ بلاک نہیں، اختلاف رائے ہے، بیرسٹر گوہر

فواد چوہدری کی پارٹی میں واپسی کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کریں گے


بلوچستان کے مسئلے پر پارلیمنٹ کا اجلاس ہونا چاہیے، بیرسٹر گوہر:فوٹو:فائل

لاہور/ اسلام آباد:

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں، اختلاف کوئی نہیں، اختلاف رائے ضرور ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ  پارٹی کے معاملات پارٹی کے اندر حل ہونے چاہئیں، فواد چوہدری کی پارٹی میں واپسی کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کریں گے۔

انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے سپریم کورٹ کے باہر احتجاج کیس میں بیرسٹر گوہر کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔ 

تحریکِ انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ یہ ظلم تو چنگیز خان کے دور میں بھی نہیں چل سکتا تھا۔ عمر ایوب، اسد قیصر کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ آئینی ترمیم کے لیے یہ ظلم کیا گیا۔ عمر ایوب نے کہا کہ ملک ان سے نہیں چل رہا، فوری نئے الیکشن کرائے جائیں۔

اسد قیصر نے کہا کہ سمجھ نہیں آ رہا کہ یہ ریاست کا کردار ہے، بلاول بھٹو یہ آپ کا جمہوریت کا جشن ہے۔ ہم  پْر امن جدوجہد جاری رکھیں گے، 27 ویں ترمیم بغیر منظوری کے نہیں لانے دیں گے۔ دریں اثنا سلمان اکرم راجہ نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ عمران خان نے واضح کہا کہ 26 ویں ترمیم کے حق میں ووٹ دینے والوں نے پاکستان سے غداری کی،

بشریٰ بی بی سے بھی بات ہوئی وہ کہتی تھیں کہ جب نماز پڑھنے کیلئے بیٹھتی تو چھت سے چوہے گرتے تھے۔ آئندہ چند دنوں میں پی ٹی آئی احتجاج کی لہر پورے ملک میں پھیلے گی۔ میڈیا غلط بات کرتا ہے کہ جب کہا جاتا ہے کہ اڈیالہ چلو تو ہم نے کوئی اڈیالہ کی دیواریں نہیں گرانی۔

دریں اثنا  پی ٹی آئی کے  سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ  بشری بی بی کا عمران خان کو جیل سے رہا کرانے کی کوشش کرنا سیاست نہیں ہے۔

ایک انٹرویو میں  شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ صرف فواد چوہدری ہی نہیں بلکہ بہت سے ایسے لوگ ہیں جو ایک منظم پروپیگنڈے کے تحت موجودہ پارٹی لیڈر شپ کو بدنام کرنا چاہتے ہیں، شبلی فراز نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ  کا کہنا ہے کہ جس طرح نوازشریف اور آصف زرداری واپس آئے ہیں، عمران بھی آ سکتے ہیں۔  

بیرسٹر علی ظفر نے کہا  کہ 26 ویں آئینی ترمیم میں بہت غلطیاں ہیں جس کی وجہ سے حکومت 27 ویں ترمیم ضرور لائے گی ۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا  چیف جسٹس کی تعیناتی کیلئے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا بائیکاٹ نہیں کرنا چاہیے تھا، میں نے بائیکاٹ کی مخالفت کی تھی  تاہم پارٹی کا فیصلہ ماننا پڑا، اب ایسا نہیں ہوگا۔ 

لطیف کھوسہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آئینی مارشل لا نہیں لگنے دیں گے، 26 ویں ترمیم بھی ریورس کرائیں گے، آئین و قانون بحال کریں گے ۔

زرتاج گل نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ جسٹس یحیی آفریدی کو چیف جسٹس منتخب ہونے پر سلام پیش کرتے ہیں۔ اس موقع پر زرتاج گل کے لباس پر شعر لکھا تھا ، ہم نہ  باز آئیں گے محبت سے، جان جائے گی اور کیا ہوگا،انھوں نے کہا کہ یہ شعر میں نے عمران خان کی محبت  میں اپنے لباس پر لکھوا یا ہے۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا  کہ بانی پی ٹی آئی کو بغیر بجلی کے جیل میں رکھا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔