بجلی کی قیمت میں کمی کا امکان، نیپرا میں عوامی سماعت مکمل

نیپرا اتھارٹی ڈیٹا کی مزید جانچ پڑتال کے بعد اپنا تفصیلی فیصلہ جاری کرے گی


ویب ڈیسک October 30, 2024

اسلام آباد:

بجلی کی قیمتوں میں ایک ماہ کے لیے 70 پیسے فی یونٹ کمی کا امکان ہے، نیپرا میں بجلی سستی کرنے کی درخواست پر سماعت جاری ہے۔

چیئرمین نیپرا وسیم مختار اتھارٹی ممبران کے ہمراہ درخواست پر عوامی سماعت کر رہے ہیں، سی پی پی اے نے ستمبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں درخواست جمع کرا رکھی ہے۔

سی پی پی اے حکام کے مطابق 8 ہزار میگاواٹ ہائیڈل کی روزانہ پیدوار رہی، ستمبر میں زیادہ سے زیادہ بجلی کی پیدوار 17 ہزار میگاواٹ رہی، کم سے کم پیداوار 13 ہزار میگا واٹ رہی۔

حکام کے مطابق کول پاؤر پلانٹس اور آر ایل این جی پلانٹس سے پیدا شدہ بجلی کی قیمت بدلتی رہتی ہے، دن میں بجلی زیادہ کم پیدا کرنا پڑتی ہے اور زیادہ لوڈ رات میں چلا گیا ہے، نیلم جہلم پاور پلانٹ بند ہونے کی وجہ سے سستی بجلی سسٹم سے نکل گئی ہے۔

نیپرا سماعت میں نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے بند ہونے کا تذکرہ کیا گیا۔ شہری نے سوال کیا کہ پانچ سو ارب روپے کا منصوبہ بند پڑا ہے، نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی مرمت کی لاگت ڈھائی سو ارب ہے، سنا ہے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ مکمل بند کیا جا رہا ہے۔

چیئرمین نیپرا نے کہا کہ وزیراعظم نے اس معاملے پر کمیٹی بنا دی ہے وہ تحقیقات کر رہی ہے، مرمت کی لاگت تاحال فائنل نہیں ہوئی، ایک دفعہ انکوائری ہو جائے پھر اس پر بات کریں گے۔

نیپرا ہیڈ کوارٹر میں عوامی سماعت مکمل ہوگئی۔ نیپرا حکام نے کہا کہ اس کا اطلاق ڈسکوز کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن، پری پیڈ صارف اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز پر ہوگا جبکہ اس کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی نہیں ہوگا، اتھارٹی ڈیٹا کی مزید جانچ پڑتال کے بعد اپنا تفصیلی فیصلہ جاری کرے گی۔

واضح رہے کہ صارفین کو نومبر کے بلوں میں کمی کا ریلیف ملے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں