پاکستان میں اسٹیڈیمز کا معیارعالمی سطح کا کیا جائیگا، محسن نقوی
چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) محسن نقوی کا کہنا ہےکہ پاکستان میں اسٹیڈیمز کا معیار عالمی سطح کا کیا جائے گا۔
پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے بدھ کو نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی کا دورہ کیا اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قبل سٹیڈیم کی اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا معائنہ کیا۔ چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے پراجیکٹ پر پیش رفت کاجائزہ لیا اور جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کے ساتھ متعلقہ حکام سے ضروری معلومات حاصل کیں اور کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ چیمپینز ٹرافی کے لیے کراچی، لاہور اور پنڈی کے اسٹیڈیمز کی تزین و آرائش کا کام مقررہ تاریخ 15 دسمبر تک مکمل کر لینے کی قوی امید ہے۔ چیئرمین پی سی بی نے نیشنل اسٹیڈیم کے معائنے کے دوران جدید طرز کے اسکرین بورڈ کو اونچائی پر نصب کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسکرین کی وجہ سے شائقین کرکٹ کو میچز دیکھنے میں مشکل پیش آتی ہے۔ اسکرین کو اونچائی پر نصب کیا جائے تاکہ شائقین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
محسن نقوی نے مزید ہدایت دی کہ میچز دیکھنے کے لیے آنے والےشائقین کرکٹ کی سہولت کیلئے پارکنگ ایریا کو اسٹیڈیم کے قریب بنایا جائے اور دن رات ایک کر کے منصوبے کو وقت سے قبل مکمل کیا جائے۔ دنیائے کرکٹ کی ٹاپ ٹیمیں چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے لئے آ رہی ہیں ۔پاکستان کے لیے چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد ایک اعزاز ہے۔
چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے ایف ڈبلیو او کے حکام کو پراجیکٹ کی بروقت تکمیل کے لیے ہدایات دیں،ایف ڈبلیو او کے حکام نے اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، چیئرمین پی سی بی کو نقشوں کی مدد سے جاری کام کی تفصیلات بتائی گئیں جبکہ محسن نقوی اپنے موبائل سے تصاویر بھی بناتے رہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسٹیڈیمز کا معیار عالمی سطح کے مطابق کیا جائے گا جبکہ تعمیراتی کام بروقت مکمل کرنا ایک چیلنج ہے جسے ہم قبول کریں گے۔واضح رہے کہ آئی سی سی کا ایک وفد پاکستان میں چیمپینز ٹرافی کے انعقاد کے سلسلے میں اسٹیڈیمز کی تعمیر کا جائزہ لینے کے لیے دورہ اور اس ضمن میں اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کرچکا ہے۔ تاہم ایونٹ سے قبل وفد ایک مرتبہ پھر اسٹیڈیمز کا دورہ کر کے اپنی رپورٹ آئی سی سی حکام کو پیش کرے گا۔
چیمپینز ٹرافی کے لیے مجموعی طور پر تینوں اسٹیڈیمز کے لیے 12 ارب 80 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جن میں سے 7 ارب 70 کروڑ روپے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم ،3 ارب 50 کروڑ کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم اور ڈیڑھ ارب روپے راولپنڈی کے پنڈی اسٹیڈیم کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ چیمپینز ٹرافی کے ابتدائی ڈرافٹ کے مطابق ایونٹ کا افتتاحی میچ 19 فروری 2025 کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔ میزبان و دفاعی چیمپیئن پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ ہوگا، پہلا سیمی فائنل 19 فروری کو کراچی میں طے ہے جبکہ دوسرا سیمی فائنل 6 مارچ کو پنڈی اسٹیڈیم میں ہونا ہے۔ فائنل 9 مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔