گستاخانہ مواد کی تشہیرکیس؛ ملزم کی درخواست ضمانت مسترد

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایڈوکیٹ جنرل کو نوٹس جاری کردیا

اسلام آباد ہائی کورٹ نے گستاخانہ مواد کی تشہیر کیس میں ملزم محمد بلال کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری مسترد کردی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل راجا ضمیر الدین کی نشان دہی پر حقائق چھپانے پر انکوائری کا حکم بھی دیا۔ عدالت نے کہا ملزم وضاحت دے کہ کیوں نہ حقائق چھپانے پر کارروائی کی جائے۔   

اسلام آباد ہائیکورٹ کی جسٹس ثمن رفعت امتیاز کی عدالت سے فیصلہ جاری کرتے ہوئے ملزم محمد بلال سے متعلقہ جیل سپریٹینڈنٹ کے ذریعے وضاحت طلب کی۔ عدالت نے آئی ٹی ایکسپرٹ کے توسط سے انکوائری کر کے رجسٹرار سے بھی رپورٹ طلب کی۔ عدالت نے کیس کی الگ فائل تیار کرکے آئندہ ہفتے سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد کو نوٹس جاری کیا اور آئندہ سماعت پر رپورٹ اور جواب طلب کرلیے۔

اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کا موقف تھا کہ عدالت ملزم محمد بلال کی پہلے ہی ضمانت کی درخواست مسترد کرچکی ہے۔ ملزم نے عدالت سے حقائق چھپا کر گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے۔اٹک کے رہائشی ملزم پر سوشل میڈیا اور واٹس ایپ گروپس میں گستاخانہ مواد کی تشہیر کا الزام ہے۔  ملزم کے خلاف ایف آئی اے نے 2021 میں مقدمہ درج کیا تھا۔

Load Next Story