لاہور:
لاہور ہائی کورٹ میں سانحہ ماڈل کی دوسری مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کے لیے سات رکنی نیا بنچ تشکیل دے دیا گیا ہے۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شہباز رضوی 7 رکنی بینچ کی سربراہی کریں گے، بینچ کے دیگر ارکان میں جسٹس چوہدری محمد اقبال، جسٹس سردار سرفراز ڈوگر، جسٹس چوہدری عبدالعزیز، جسٹس فاروق حیدر، جسٹس شکیل احمد اور جسٹس طارق ندیم بینچ کا حصہ ہوں گے۔
رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ کے آفس نے درخواستوں کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا ہے اور 7 رکنی بینچ یکم نومبر کو سماعت کا آغاز کرے گا۔
خیال رہے کہ دوسری جے آئی ٹی کے خلاف درخواست پولیس افسر عبدالقادر کی جانب سے دائر کی گئی ہے، درخواست گزار نے حکومت پنجاب کی جانب سے دوسری جے آئی ٹی کی تشکیل کو چیلنج کر رکھا ہے۔
درخواست گزار کی جانب سے ماڈل ٹاؤن واقعے پر دوسری جے آئی ٹی کے خلاف درخواست 2019 میں دائر کی گئی تھی۔