لندن احتجاج، وزیرداخلہ کے شہریت منسوخی کے بیان پر پی ٹی آئی کا سخت ردعمل

پی ٹی آئی نے محسن نقوی کو وائسرے کا خطاب دے دیا، بیان دینے سے پہلے وکیل سے مشورہ کرنے کی بھی تجویز


ویب ڈیسک October 30, 2024
(فوٹو: فائل)

اسلام آباد:

پاکستان تحریک انصاف نے لندن میں سابق چیف جسٹس کی گاڑی کے آگے احتجاج کرنے والے پاکستانیوں کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کے بیان پر وفاقی وزیر داخلہ کو وائسرے کا خطاب دے دیا۔

پاکستان تحریک انصاف نے ‏وفاقی وزیرداخلہ کے اوورسیز  پاکستانیوں  کے  حوالے  سےمضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ‏محسن نقوی کا بیان نہایت بیوقوفانہ حد تک مضحکہ خیز اور مینڈیٹ چور بندوبست کی ذہنیت کا عکاس ہے۔

پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان شیخ وقاص اکرم نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ ‏دوسرے روز دنیا کو بتاتے ہیں کہ ہم صرف ان پڑھ ہی نہیں پرلے درجے کے احمق اور جاہل بھی ہیں، ‏خود ساختہ وائسرائے صاحب قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف احتجاج کرنے والوں کی شہریت کی منسوخی سے پہلے کسی پڑھے لکھے وکیل سے قانون سے متعلق سیکھ لیں۔

انہوں نے کہا کہ ‏ظاہر ہے کہ پاکستان ان کے آبا و اجداد کی راجدھانی یا خاندانی جاگیر تو ہے نہیں کہ یہاں درباری اپنی زبانوں کے لمبائی کے مطابق بیان دیں، ‏شناختی کارڈ، پاسپورٹس یا شہریت کی منسوخی و اجرا کے فیصلے محسن نقوی کی صوابدی نہیں بلکہ یہ آئین و قانون کے مرہونِ منت ہیں۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ‏آئین و قانون کی گردن پر پیر رکھ کر مرضی کے فرمان جاری کرنے کے بیہودہ سلسلے نے دنیا میں پاکستان کا جمہوری اور آئینی تشخص بری طرح مجروح کیا ہے، ‏قاضی فائز عیسیٰ کے کرتوت تو قبر تک ان کا پیچھا کریں گے جبکہ تاریخ اُن کے محاسبے کو تیار ہے۔

ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ ‏محسن نقوی ”غنڈہ راج“ کے خیالی سیٹ سے اتریں اور دنیا کو اپنےجاہلانہ جلال دکھانے کی بجائے تھوڑی سی تمیز اور قانون کے احترام کی اداکاری کی ہلکی سی کوشش ہی کرلیں، ‏کسی سے کوئی غلطی یا جرم سرزد ہوا ہے تو خود قاضی کی پتلون پہن کر اچھلنے کی بجائے عدالت کو فیصلے کا موقع دیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔