سندھ ہائیکورٹ کے جج نے جسٹس طارق جہانگیری کیخلاف ڈگری کیس سننے سے معذرت کرلی

جسٹس ظفر احمد راجپوت نے ریمارکس دیئے کہ میں جامعہ کراچی سنڈیکیٹ کا رکن ہوں، کیس نہیں سن سکتا


کورٹ رپورٹر October 30, 2024

کراچی:

 

سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس ظفر احمد راجپوت نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ڈگری سے متعلق درخواستوں کی سماعت سے معذرت کرلی۔  
 
جسٹس ظفر احمد راجپوت کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ڈگری سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔
 
درخواستگزار ابراہیم سیف الدین ایڈووکیٹ نے فریق نجی ٹی وی اینکر کے رہائشی پتے سے متعلق ترمیمی ٹائٹل جمع کروا دیا۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ اسلامیہ کالج کو بھی فریق بنا دیا گیا ہے۔
 
وکیل جامعہ کراچی نے موقف اپنایا کہ درخواستگزار اسلام آباد ہائیکورٹ بار نے جامعہ کراچی کے جواب پر جواب الجواب جمع نہیں کرائے۔ کراچی یونیورسٹی درخواستوں پر تحریری جواب جمع کراچکی ہے۔
 
جسٹس ظفر راجپوت نے درخواستوں کی سماعت سے معذرت کرلی۔ جسٹس ظفر احمد راجپوت نے ریمارکس دیئے کہ میں جامعہ کراچی سنڈیکیٹ کا رکن ہوں، کیس نہیں سن سکتا۔ کل بھی مجھے کراچی یونیورسٹی میں اجلاس میں شرکت کے لیے جانا ہے۔
 
عدالت نے درخواستیں نئے بینچ کے روبرو مقرر کرنے کے لئے معاملہ چیف جسٹس کو بھیج دیں۔ عدالت نے مزید ایکشن نہ لینے کے حکم امتناع میں توسیع کردی۔ عدالت نے درخواستوں کے مزید سماعت 21 نومبر تک ملتوی کردی۔
 
عدالت نے ان فئیر مینز کمیٹی کی سفارشات اور سینڈیکیٹ کا فیصلہ معطل کر رکھا ہے۔ عدالت نے جامعہ کراچی کو معاملے پر کسی بھی کارروائی سے روک رکھا ہے۔ عدالت نے  پیمرا کو ان فیئر مینز کمیٹی سے متعلق خبروں سے بھی روک رکھا ہے۔ عدالت نے ایف آئی اے کو ڈگری سے متعلق تحقیقات سے بھی روک رکھا ہے۔
 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔