وزیراعظم کی ویتنام کے ہم منصب سے ملاقات، تجارت اور سرمایہ کاری کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال

وزیراعظم شہباز شریف نے ویتنام کے وزیراعظم سے ملاقات سعودی عرب میں فیوچر انوسٹمنٹ انیشیٹوکانفرنس کے موقع پرکی


ویب ڈیسک October 30, 2024

RIYADH:

وزیراعظم شہباز شریف اور ویتنام کے وزیراعظم فام من چن نے تجارت اور سرمایہ کاری سمیت دو طرفہ تعلقات مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا اور کہا ہے کہ باہمی تعاون بڑھانے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں 8ویں فیوچر انوسٹمنٹ انیشیٹو کانفرنس کے موقع پر ویتنام کے وزیراعظم فام من چن سے ملاقات کی اور اس دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان ویتنام دوطرفہ تعلقات بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری کو مضبوط بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور ویتنام کے مابین تعلقات کے فروغ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے کی بے پناہ استعداد موجود ہے۔

شہباز شریف نے اس مقصد کے لیے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور کاروباری وفود کے تبادلے کی تجویز پیش کی، دونوں رہنماؤں نے عوامی روابط کو مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے درمیان سیاحت کو فروغ دینے کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔

بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے آسیان تنظیم میں پاکستان کے مکمل ڈائیلاگ پارٹنر بننے کی کوششوں کے حوالے سے ویتنام سے تعاون کی درخواست کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ویتنام کے وزیراعظم کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دی، ملاقات میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر نجکاری عبدالعلیم خان، وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک، وزیر تجارت جام کمال خان اور وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔