چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی کے تبادلے کا امکان
چیف آپریٹنگ آفیسرپی سی بی کے تبادلے کا امکان بڑھ گیا،ان کی جگہ بیوروکریٹ کو عہدہ سونپا جائے گا۔
سلمان کو پی ایس ایل ڈائریکٹر کا عہدہ سنبھالنے کی پیشکش کردی گئی،البتہ ابھی یہ واضح نہیں ہوا کہ وہ نچلی پوزیشن پر کام کرنا پسند کریں گے یا ملازمت چھوڑ دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی میں تبدیلیوں کی آندھی چل چکی ہے، گذشتہ روز پی ایس ایل ڈائریکٹر صہیب شیخ اور ہیڈ آف ویمنز کرکٹ تانیہ ملک کے استعفے سامنے آ گئے، ہائی پرفارمنس سینٹر، انٹرنیشنل کرکٹ اور میڈیا ڈپارٹمنٹ میں بھی جلد اہم تبدیلیاں متوقع ہیں،البتہ ان سب کے ساتھ سب سے اہم فیصلہ سی او او سلمان نصیر کا تبادلہ ہے۔
ذرائع کے مطابق انھیں ڈائریکٹر پی ایس ایل کی ذمہ داری سنبھالنے کی پیشکش کر دی گئی ہے، یہ پوسٹ صہیب شیخ کے جانے سے خالی ہو چکی، البتہ بڑے عہدے پر کام کرنے والے سلمان اب اس تنزلی کو قبول کریں گے یا نہیں یہ اہم سوال ہے۔
سینئر بیوروکریٹ کو سی او او بنانے کی تجویز ہے، اس حوالے سے جلد اعلانات متوقع ہیں۔ یاد رہے کہ سلمان نصیر کو فروری2019 میں ترقی دیتے ہوئے سینئر منیجر لیگل سے سی او او بنا دیا گیا تھا،اس وقت 8 لاکھ 25 ہزار روپے کے اضافے سے ان کی ماہانہ تنخواہ 10 لاکھ روپے سے زائد ہوگئی تھی۔
اس پر قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی میں پیش کردہ پی سی بی کی آڈٹ رپورٹ میں بھی اعتراض اٹھاتے ہوئے لکھا گیا تھا کہ پوسٹ کا کوئی اشتہار جاری کیا گیا نہ ہی بورڈ نے تعلیم، تجربے اور عمر کو اہمیت دی، یہ ترقی قوائد کے برخلاف نظر آتی ہے۔
اسی رپورٹ کے مطابق سلمان نصیر 5 ستمبر 2011 کو منیجر لیگل کی حیثیت سے پی سی بی میں کنٹریکٹ پر ملازم ہوئے،ان کی تنخواہ 90 ہزار روپے مقرر ہوئی تھی،اس دوران مختلف پوزیشنز پر ترقیاں ہوتی رہیں اورتنخواہ میں بھی بے تحاشا اضافہ ہوا،آڈٹ رپورٹ میں اس پر بھی اعتراض اٹھایا گیا لیکن پی سی بی نے کوئی ایکشن نہیں لیا تھا۔