سعودی عرب؛ دہشت گرد تنظیموں کی سہولت کاری پر 2 افراد کا سر قلم

سعودیہ میں رواں برس 100 سے زائد افراد کو موت کی سزا دی جا چکی ہے جن میں 2 پاکستانی بھی شامل ہیں

سعودی عرب میں دہشت گرد تنظیم کے ساتھ مل کر ملکی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی سازش پر سلطان بن محمد بن کامیخ العتیبی اور ترکی بن محمد بن اشیش الحزمی کی سزائے موت پر عمل درآمد کردیا گیا۔

خلیج ٹائمز کے مطابق وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری بیان کہا گیا ہے کہ جو بھی ملک کی سلامتی کو نقصان پہنچانے یا اس کے اتحاد کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش کرے گا اسے کاٹ دیا جائے گا۔

آج جن دو شہریوں کو سزائے موت دی گئی ان پر اپنے ملک سے غداری، دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ تعاون اور قومی سلامتی کو ممکن بنانے والوں کے خلاف سازش کرنے کا الزام تھا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ  پبلک پراسیکیوشن کی جانب سے ان کارروائیوں کے ارتکاب کا الزام عائد کیا گیا تھا اور شواہد کی روشنی میں مجاز عدالت نے موت کی سزا سنائی تھی۔

بعد ازاں ان مجرموں نے اعلیٰ عدالت سے رجوع کیا تھا وہاں بھی سزا برقرار رکھی گئی تھی۔ دونوں شہریوں کو تمام تر قانونی امداد فراہم کی گئی تھی۔

تاہم بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ سزائے موت دینے کے لیے کیا طریقہ اپنایا گیا۔ عمومی طور پر سعودی عرب میں سرقلم کیا جاتا ہے۔

یاد رہے کہ سعودی عرب میں دہشت گردی، منشیات اسمگلنگ اور زنا کی سزا موت ہے۔ رواں برس 100 سے زائد افراد کو یہ سزا دی جا چکی ہے جن میں 2 پاکستانی بھی شامل ہیں۔

 

Load Next Story