کراچی میں دھند چھانے کا امکان، جس کی وجہ سےحدنگاہ متاثرہوسکتی ہے، محکمہ موسمیات

نومبرکے اوائل میں زیادہ سے زیادہ پارہ 35ڈگری تک جاسکتا ہے اورنومبرکے وسط سےخنکی میں بتدریج اضافے کا امکان ہے


آفتاب خان October 31, 2024

کراچی:

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ شہر میں غیرمعمولی گرمی کی لہر کا امکان ختم ہوگیا ہے اور نومبر کے اوائل میں پارہ زیادہ سے زیادہ 35 ڈگری ہوسکتا ہے اور جمعے کو دھند چھانے کا امکان ہے، جس کی وجہ سے حد نگاہ متاثر ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق جمعرات کو شہر کا موسم گزشتہ دنوں کے مقابلے میں قدرے معتدل رہا، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35.5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈہوا ہے اور غیرمعمولی یا جزوی شدت کے گرمی کی لہر کا امکان ختم ہوگیا۔

ارلی وارننگ سینٹرکی پیش گوئی کےمطابق جمعےکو شہر کی فضاؤں پر دھند چھانے کا امکان ہے، جس کی وجہ سےحدنگاہ متاثرہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ نومبرکے اوائل میں زیادہ سے زیادہ پارہ 35ڈگری تک ریکارڈ ہوسکتا ہے اور نومبرکے وسط سےخنکی میں بتدریج اضافے کا امکان ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز نے بتایا کہ اکتوبر کا مہینہ مجموعی طور پر گرم رہا لیکن ماضی کا کوئی ریکارڈ نہیں ٹوٹا، 1952 میں شہرکا پارہ 43ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں آنے والے دنوں میں اب بہت زیادہ گرمی کا کوئی امکان نہیں ہے، نومبرکے اوائل میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 35 ڈگری کے درمیان تاہم کسی وقت ایک آدھ روز 36 ڈگری تک تجاوز کرسکتا ہے۔

ان کا کہناہے کہ نومبرکے وسط سے خنکی میں اضافے کے سبب موسم مزید بہتر ہونا شروع ہوجائےگا۔

چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق رواں سال اکتوبرکے پورے مہینے میں اوسط درجہ حرارت سے2.37 ڈگری اضافی گرمی ریکارڈ ہوئی، شہرکے کم سے کم درجہ حرارت میں 3.38 ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں1.67 ڈگری کا اضافہ ریکارڈ ہوا۔

سردارسرفراز نے کہا کہ اکتوبرکے مہینے میں گرمی کا کوئی ریکارڈ نہیں ٹوٹا کیونکہ ماضی میں اکتوبر 1952میں شہرکا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری ریکارڈ ہوچکا ہے، دوسرے نمبر پر زیادہ درجہ حرارت اکتوبر 2017 میں 41.8 ڈگری ریکارڈ ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ اکتوبر میں اب تک شہر کا کم سے کم درجہ حرارت کا ریکارڈ یکم اکتوبر 1998میں 29.8 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔