کراچی:
چینی شہر چنگ ڈائو میں فشریز سے متعلق پہلی پاکستان۔چین B2B سرمایہ کاری میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔
یہ تقریب ٹڈاپ کے زیر اہتمام مشترکہ منصوبوں اور شراکت داری کو فروغ دینے کیلیے تھی، تقریب دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے کے لیے جون 2024 میں وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ چین کے تناظر میں منعقد کی گئی ۔
تقریب میں 45 چینی اور 27 پاکستانی کمپنیوں نے شرکت کی۔سی پی سی کے کمیٹی ممبر، چنگ ڈاؤ میونسپل میرین ڈیولپمنٹ بیورو سن ہوان جیانگ نے اپنے ریمارکس میں پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی تمام موسموں میں ساتھی کے عزم کا اعادہ کیا،
سرمایہ کاری بورڈ کے سیکریٹری رحیم حیات قریشی نے چین اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں مضبوط تعاون کو سراہا۔ انھوں نے باہمی طور پر فائدہ مند تعاون کو فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کے درمیان شراکت داری بڑھانے پر زور دیا۔
مزید برآں انھوں نے پاکستان میں ماہی گیری کے شعبے اور چینی سرمایہ کاروں کیلیے پاکستانی حکومت کی جانب سے پیش کردہ مراعات کے بارے میں ایک جامع پریزنٹیشن پیش کی۔
تقریب کا اختتام پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان 64 ملین ڈالر کے 11مفاہمتی یادداشتوں اور ایک معاہدے پر دستخط کے ساتھ ہوا۔
پاکستان فشریز ایکسپورٹ ایسوسی ایشن اور سی فوڈ سپیشلائزڈ کمیٹی آف چائنا کے درمیان ایک ایم او یو پر بھی دستخط کیے گئے جس میں مزید B2B ایکس چینجز، جوائنٹ وینچرز اور فشریز سیکٹر میں تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دیا گیا۔