آسٹریلیا کیخلاف سیریز؛ قومی کرکٹرز کی آسٹریلیا میں مشقیں جاری

کپتان محمد رضوان اور 7 دیگر کھلاڑیوں نے طویل سفر کے بعد آرام کیا

آسٹریلیا کیخلاف سیریز کے آغاز سے قبل قومی کرکٹرز نے مشقوں کا آغاز کردیا۔


گزشتہ روز بابراعظم اور شاہین آفریدی سمیت کئی کرکٹرز نے نیٹ پریکٹس کی، کپتان محمد رضوان اور 7 دیگر کھلاڑیوں نے طویل سفر کے بعد آرام کیا۔ 

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کی ون ڈے سیریز کا آغاز پیر کو میلبورن میں ہو گا، قومی اسکواڈ 2 حصوں میں پہنچا، پہلے گروپ میں آنے والے بابر اعظم، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، عرفان خان، فیصل اکرم اور محمد حسنین نے گزشتہ روز بھرپور پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔

دوسری جانب آسٹریلیا سے ٹی20 سیریز کیلئے پاکستانی اسکواڈ میں شامل 6 کرکٹرز 2 سے 6 نومبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی پر کیمپ میں حصہ لیں گے، 3 ٹی20 میچز کی سیریز 14 سے 18 نومبر تک کھیلی جائے گی۔

مزید پڑھیں: دورۂ آسٹریلیا، قومی ٹیم کا دوسرا گروپ میلبرن پہنچ گیا

تربیتی کیمپ میں جہانداد خان، محمد عباس آفریدی، عمیر بن یوسف، صاحبزادہ فرحان، سفیان مقیم اور عثمان خان کو مدعو کیا گیا ہے، یہ کھلاڑی جمعے کی شام اکھٹا ہوں گے، بعدازاں کیمپ کا آغاز ہوگا، کوچ سعید بن ناصر کی زیر نگرانی 5 روزہ کیمپ میں کھلاڑی مختلف تربیتی سیشنز میں حصہ لیں گے۔

مزید پڑھیں: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مزید 8 کھلاڑی آسٹریلیا روانہ

کیمپ کے اختتام پر کھلاڑی 10 نومبر کو آسٹریلیا روانہ ہونے سے قبل اپنے شہروں کو چلے جائیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستانی ٹی20 اسکواڈ محمد رضوان (کپتان)، عرفات منہاس، بابر اعظم، حارث رؤف، حسیب اللہ، جہانداد خان، محمد عباس آفریدی، محمد عرفان خان، نسیم شاہ، عمیر بن یوسف، صاحبزادہ فرحان، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، سفیان مقیم اور عثمان خان پر مشتمل ہے۔
 

Load Next Story