خیبر پختونخوا میں غیر سنجیدہ حکومت ہے وزیراعلیٰ حکومت چلانے کے اہل نہیں، وزیر اطلاعات

صحت، تعلیم، اصلاحات کے لیے انہوں نے کیا اصلاحات کیں؟ بہت جلد عوام ان کا گریبان پکڑیں گے، عطا تارڑ


ویب ڈیسک November 01, 2024

اسلام آباد:

وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب اور قطر انتہائی کامیاب رہا، وزیراعظم اپنا دورہ مکمل کر کے وطن واپس آ گئے ہیں بالخصوص دورہ سعودی عرب میں ہونے والی ملاقاتیں نتیجہ خیز رہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں انہوں ںے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب اور قطر انتہائی کامیاب رہا، وزیراعظم اپنا دورہ مکمل کر کے وطن واپس آ گئے ہیں، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے معیشت بحالی کی جانب گامزن ہے، حالات میں بتدریج بہتری آرہی ہے، اصلاحات کے مرحلے سے ہم استحکام کی جانب بڑھ رہے ہیں، دورہ سعودی عرب میں ہونے والی ملاقاتیں نتیجہ خیز رہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کی بحالی اور استحکام میں سعودی عرب کا اہم کردار ہے، حال ہی میں سعودی وزیر سرمایہ کاری پاکستان آئے، یہاں 27 مفاہمت کی یادداشتیں دستخط ہوئی تھیں جن کی مالیت 2.2 ارب ڈالر تھی، انوسٹمنٹ کانفرنس کی سائیڈ لائنز پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے وزیراعظم کی انتہائی خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی، سعودی عرب کے ساتھ مزید معاہدے ہوئے ہیں، پانچ ایم او یوز پر کام شروع ہو چکا ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان کئی دہائیوں پر محیط دوستی کا رشتہ قائم ہے، سعودی عرب کی سرمایہ کاری 2.2 ارب ڈالر سے بڑھ کر 2.8 ارب ڈالر ہو چکی ہے، 27 ایم او یوز سے بڑھ کر 34 ایم او یوز ہو گئے ہیں، پانچ ایم او یوز پر کام شروع ہو چکا ہے، 600 ملین ڈالر کی اضافی سرمایہ کاری سے معیشت پر مثبت اثر پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ قطر نے پاکستان کے حوالے سے نمائش کا انعقاد کیا، پاکستانی فنکاروں، مصوروں کو اس نمائش میں مدعو کیا گیا، 1947ء سے اب تک کے پاکستان کے فن اس نمائش میں پیش کیے گئے، نمائش کے انعقاد پر امیر قطر اور ان کی ہمشیرہ کے مشکور ہیں،اس نمائش کے انعقاد سے پاکستان کی عزت افزائی ہوئی، دنیا بھر سے آئے ہوئے لوگوں نے پاکستانی فن پاروں کو سراہا، امیر قطر اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان غیر روایتی گرم جوشی دیکھنے میں آئی۔

انہوں ںے بتایا کہ قطر پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، اس سرمایہ کاری سے پاکستان کی معیشت کو مزید تقویت ملے گی، قطر پاکستان میں توانائی، معدنیات، آئی ٹی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرے گا، قطر کا وفد جلد پاکستان آئے گا۔

عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان کی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے، مہنگائی 6.9 فیصد پر آ گئی ہے، ریکارڈ ترسیلات پاکستان میں آئیں، شرح سود میں کمی ہوئی ہے، خارجہ محاذ پر پاکستان کی عزت میں اضافہ ہوا ہے، دوست ممالک کی طرف سے سرمایہ کاری کی جا رہی ہے، شہباز شریف کا اکنامک ایجنڈا تیزی سے پایہ تکمیل کو پہنچ رہا ہے، پاکستان 24 سال بعد فسکل سرپلس میں گیا ہے۔

خیبر پختونخوا میں غیرسنجیدہ حکومت ہے وہ کبھی بھاگتے ہیں اور کبھی چھپتے ہیں، عطا تارڑ

سیاسی گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں غیر سنجیدہ حکومت ہے وہ کبھی بھاگتے ہیں اور کبھی چھپتے ہیں، یہ کرتب کتنی دیر چلیں گے؟ صحت، تعلیم، اصلاحات کے حوالے سے انہوں نے کیا اصلاحات کیں؟ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کیا اقدامات اٹھائے، یہ نظر نہیں آ رہے؟ بہت جلد عوام ان کا گریبان پکڑیں گے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے طالبان کو واپس لا کر بسایا، امن و امان اور دہشت گردی کی کارروائیوں پر ان کی کوئی توجہ نہیں ہے، خیبر پختونخوا میں سویلین اور فوجی جوان شہید ہو رہے ہیں، خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ صوبائی معاملات کو چلانے کیلئے اہل نہیں ہیں، خیبرپختونخوا کے عوام کو ان کے حق سے محروم کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی کے حوالے سے وزیراعظم کی بھرپور توجہ ہے، دہشت گردی کا خاتمہ حکومت کی ذمہ داری ہے، ہم دہشت گردی کے خاتمے کے عزم پر قائم ہیں، دہشت گردی کے واقعات میں وقت کے ساتھ کمی واقع ہوگی، دہشت گردی کے خاتمے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |