سلامتی کونسل کی کوششیں بے نتیجہ ثابت اسرائیلی جارحیت میں 130 سے زائد فلسطینی شہید

حماس کی جانب سے حملوں میں 2 امریکی فوجیوں سمیت 18 صیہونی فوجی مارے گئے جن کی ہلاکت کی اسرائیل نے بھی تصدیق کردی


ویب ڈیسک July 21, 2014
14 روز سے جاری غزہ پر اسرائیلی فوجی چڑھائی کے دوران شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 550 سے تجاوز کر گئی۔ فوٹو: اے ایف پی

سلامتی کونسل بھی غزہ میں اسرائیلی درندگی روکنے میں ناکام ہوگئی جس کے بعد تازہ کارروائی میں صیہونی فوج نے غزہ میں بمباری کر کے مزید 130 سے زائد نہتے فلسطینیوں کی جان لے لی جب کہ حملوں میں 2 امریکی فوجیوں سمیت 18 اسرائیلی فوجی بھی مارے گئے۔


غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بدحواس صیہونی فوج کی جانب سے مسلسل 14ویں روز محصورین غزہ پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے، تازہ بمباری کے نتیجے میں 7 کمسن بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک اور کارروائی میں صیہونی فوج نے سرحد عبور کرنے کا الزام لگاتے ہوئے فائرنگ کر کے مزید 10 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔ دیر البلاح کے اسپتال پر اسرائیلی فوج کا حملہ، 5 فلسطینی جاں بحق جبکہ 70 زخمی ہوگئے۔


فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج کی بمباری سے تباہ ہونے والی عمارت کے ملبے سے مزید 16 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں اور جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا جارہا ہے۔ وزارت صحت کا مزید کہنا ہے کہ گزشتہ 14 روز سے جاری غزہ پر اسرائیلی فوجی بربریت کے دوران شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 550 سے تجاوز کر گئی جبکہ صیہونی فوج کے حملوں میں 2600 سے زائد افراد بھی زخمی ہوچکے ہیں۔


دوسری جانب حماس کی جانب سے حملوں میں 2 امریکی فوجیوں سمیت 18 صیہونی فوجی مارے گئے جن کی ہلاکت کی اسرائیل نے بھی تصدیق کردی ہے۔


واضح رہے کہ غزہ پر 8 جولائی سے جاری اسرائیلی جارحیت کے دوران ہر طرف تباہی کا منظر ہے جبکہ حماس اور اسرائیلی فوج کے درمیان جاری لڑائی کے باعث متعدد افراد نے پڑوسی ملک مصر کی جانب پناہ لے لی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔