اوکاڑہ؛ گھریلو جھگڑے پر ساس کا بیٹے سے مل کر بہو پر تشدد، گلا دبا کر قتل کر دیا
خالد ٹاؤن میں گھریلو جھگڑے کی بنیاد پر ساس نے بیٹے کے ساتھ مل کر بہو پر تشدد کرنے کے بعد گلا دبا کر قتل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق آمنہ کی عمران سے شادی ہوئی تھی اور گھریلو جھگڑے پر ساس نے بیٹے کے ساتھ مل کر اپنی بہو کو قتل کیا جس کے بعد داماد عمران نے قصور میں مقیم سسرال میں فون کر کے بتایا کہ ان کی بیٹی آمنہ فوت ہو گئی ہے۔
مقتولہ آمنہ کے والد اقبال اپنی بیوی اور دیگر اہل خانہ کے ساتھ اوکاڑہ پہنچے اور جب انہوں نے اپنی بیٹی کی لاش دیکھی تو انہوں نے فورا پولیس کو اطلاع کر دی جس پر تھانہ بی ڈویژن پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور مقتولہ کی لاش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دی، پولیس نے قتل کی دفعات کے تحت مقتولہ کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا۔
ایف آئی آر کے مطابق مقتولہ کے والد نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ میری بیٹی کو داماد عمران اور اس کی والدہ وغیرہ نے تشدد کے بعد گلا دبا کر قتل کیا ہے۔
ڈی پی او محمد راشد ہدایت نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش منصفانہ بنیادوں پر کی جائے، انہوں نے کہا کہ اگر پوسٹ مارٹم رپورٹ میں مقتولہ آمنہ پر تشدد ثابت ہو گیا تو ملزمان کو سخت سے سخت سے سزا دلوائی جائے گی۔
ملزمان تاحال فرار ہیں جبکہ پولیس نے ان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔