بالی ووڈ کے بادشاہ کی سالگرہ، کتنے برس کے ہوگئے؟

شاہ رخ 3 دہائیوں سے مداحوں کے دلوں پر راج کر رہے ہیں اور آج بھی بالی ووڈ میں ان کی فلمیں سپر ہٹ ہوتی ہیں

 عالمی شہرت یافتہ اداکار بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رُخ خان آج کے دن اپنی 59ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔

شاہ رُخ 2 نومبر 1965 کو نیو دہلی میں پیدا ہوئے، شاہ رُخ کی سالگرہ کا دن بھی دنیا بھر میں موجود ان کے مداحوں کیلئے کسی تہوار سے کم نہیں ہوتا اور ہر سال 2 نومبر کو ہزاروں کی تعداد میں ان کے مداح ’منت‘ کے باہر اپنے ہیرو کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے جمع ہو جاتے ہیں۔

شاہ رخ 3 دہائیوں سے مداحوں کے دلوں پر راج کر رہے ہیں اور آج بھی بالی ووڈ میں ان کی فلمیں سپر ہٹ ہوتی ہیں جبکہ مداحوں کو ان کی اگلی فلم کا انتظار رہتا ہے۔

گزشتہ روز شاہ رُخ خان کے گھر پر ایک پرائیوٹ برتھ ڈے پارٹی کا اہتمام کیا گیا جس میں ان کے قریبی دوست اور اہل خانہ نے اداکار کی 59ویں سالگرہ منائی جبکہ رات گئے سے ہی مداحوں نے ان کے گھر کے باہر پہنچنا شروع کردیا۔

آج بھی شاہ رُخ مداحوں کو اپنی ایک جھلک دکھانے کیلئے اپنی بالکونی میں آکر اپنے مخصوص انداز میں بازو پھیلا کر مداحوں سے ملیں گے جبکہ وہ اپنے مداحوں کی محبت کا بھرپور انداز میں جواب بھی دیتے ہیں اور ان سے بات چیت بھی کرتے ہیں۔

بالی ووڈ کے اس سپر اسٹار نے اپنے کیرئیر کا آغاز 1992 میں ایک ڈرامہ فلم دیوانہ سے کیا تھا جس میں انہوں نے سپورٹنگ رول ادا کیا تھا تاہم اس کے بعد وہ بازی گر، دل والے دلہنیا لے جائیں گے، کرن ارجن جیسی بلاک بسٹر فلموں سے پردے پر بھی بازی لے گئے اور شہرت کی بلندیوں کو پہنچے۔

حال ہی میں شاہ رُخ خان پٹھان، جوان اور ڈنکی میں ایک بڑے بریک کے بعد جلوہ گر ہوئے اور ان تینوں فلموں نے بھرپور بزنس کیا۔

واضح رہے کہ مجموعی طور پر شاہ رخ خان سات ہزار300 کروڑ بھارتی روپے کی دولت کے ساتھ ملک کے سب سے امیر اداکار ہیں۔

ان کی کمائی فلموں سمیت پروڈکشن ہاؤس ریڈ چیلیز انٹرٹینمنٹ، بطور فلم پروڈیوسر، پی ایس ایل اور دیگر کاروبار سے ہوتی ہے، اب ان کی بیٹی سہانا نے بھی والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھ دیا ہے اور آریان خان فلمیں لکھ رہے ہیں۔

 

Load Next Story

پاکستان