سانحہ چکرا گوٹھ؛ ایم کیو ایم لندن کے ملزمان کی درخواستِ بریت پر فیصلہ محفوظ

بریت کی درخواستوں پر فیصلہ 11 نومبر کو سنائے جانے کا امکان، عدالت نے نوٹسز جاری کردیے

کراچی:

 

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ چکرا گوٹھ حملے کے مقدمے میں ایم کیو ایم لندن کے 3 ملزمان کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
 
سینٹرل جیل کراچی میں انسداد دہشت گردی کمپلیکس میں خصوصی عدالت کے روبرو سانحہ چکرا گوٹھ حملہ کس میں ایم کیو ایم لندن کے رئیس مما سمیت 3 ملزمان کی بریت کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں  وکیل صفائی عابد زمان ایڈووکیٹ نے مؤقف دیا کہ ملزمان کیخلاف استغاثہ ٹھوس شواہد پیش نہیں کرسکا ہے۔ ملزمان کی بریت درخواستیں منظور کی جائیں۔ 
 
استغاثہ نے مؤقف اپنایا کہ مقدمے میں رئیس عرف مما، کامران عرف  مادھوری، شاہ جہان عرف شٹن، ظہیر عرف فنٹر سمیت 21 ملزمان شامل ہیں۔ ایم کیو ایم کے تنظیمی کمیٹی کے سابق انچارج سمیت 5 ملزمان کو اشتہاری قرار دیا جاچکا ہے۔ 
 
بعد ازاں عدالت نے فریقین کا مؤقف سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔ 
 
ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ 11 نومبر کو سنائے جانے کا امکان ہے۔ عدالت نے اس سلسلے میں پراسیکیوشن کے دیگر گواہوں کو بھی سمن جاری کر دیے اور آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ 
 
پولیس کے مطابق ملزم رئیس مما نے 2011 میں کورنگی میں اپنی دہشت اور اجارہ داری قائم رکھنے کے لیے چکرا گوٹھ میں پولیس وین پر حملہ کیا۔ فائرنگ سے ریزرو پولیس کے 3 اہلکار جاں بحق اور ایک اہلکار سمیت 27 افراد زخمی ہوئے تھے۔
Load Next Story