بلاول بھٹو کا صحافیوں کے خلاف تشدد کے خاتمے کیلئے فوری اقدامات کا مطالبہ

آزاد صحافت جمہوریت کا بنیادی ستون ہے، صحافیوں کیخلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن پر بیان


اسٹاف رپورٹر November 02, 2024

کراچی:

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے صحافیوں کے خلاف تشدد کے خاتمے کیلئے فوری اقدامات کا مطالبہ کردیا۔

صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے بیان میں بلاول بھٹو نے دنیا بھر بالخصوص مقبوضہ کشمیر اور غزہ میں صحافیوں کے خلاف ہراسانی، تشدد  اور ٹارگٹ کلنگ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ متاثرین کے لیے فوری انصاف کو یقینی بنا کر ایک ایسا ماحول پیدا کیا جائے جس میں سچائی اور دیانتداری کی قدر کی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آزاد اور محفوظ صحافت کسی بھی جمہوریت کا بنیادی ستون ہے، صحافت صرف ایک پیشہ نہیں بلکہ معاشرے اور جمہوریت کی خدمت ہے، صحافیوں کے خلاف دھونس دھمکی اور تشدد بلاشبہ آزادیِ اظہار اور عوام کے حقِ معلومات پر براہ راست حملہ ہیں، آزاد صحافت ہماری اقدار کا مرکز ہے اور صحافیوں کا تحفظ غیر متنازع ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ سے صحافت کی آزادی کی حامی رہی ہے اور ہر قسم کی سینسر شپ اور جبر کے خلاف کھڑی رہے گی۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ایک آزاد اور ترقی پسند پاکستان کی بنیاد رکھی اور آزاد صحافت کو جمہوریت کے لیے ضروری قرار دیا۔

 انہوں نے مزید کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی میراث مشعلِ راہ ہے کہ مشکل ترین حالات میں بھی صحافت کا دفاع کیا جائے، صدر مملکت آصف علی زرداری بدترین میڈیا ٹرائل کا شکارہونے کے باوجود ہمیشہ صحافت کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم رہتے ہیں۔

 چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنی میراث کو برقرار رکھتے ہوئے پاکستان اور دنیا بھر میں صحافت کی آزادی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں