کراچی:
اینٹی تھیفٹ سیل واٹر کارپوریشن نے سندھ رینجرز کے ہمراہ پانی چوروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 11 غیر قانونی ہائیڈرنٹس کو مسمار کردیا اور 15 واٹر ٹینکرز اور 9 ٹریکٹر ٹرالیاں قبضے میں لے لی گئیں۔
پانی کی چوری کے خلاف مشترکہ آپریشن منگھو پیر، چکرا گوٹھ، کورنگی ، حب کینال اور الطاف نگر ناردرن بائی پاس کے اطراف میں کیا گیا۔
حکام کے مطابق پکڑے گئے واٹر ٹینکر اور ٹریکٹر ٹرالیاں غیر قانونی طور پر حب کینال سے پانی چوری کرکے شہر کے مختلف علاقوں میں مہنگے داموں پر فروخت کرتی تھیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ چکرا گوٹھ کورنگی میں مسمار کیے گئے غیر قانونی ہائیڈرنٹ سے منسلک 48 اور 33 کی لائنوں کو بھی مکمل طور پر منقطع کیا گیا ہے۔