روہتاس قلعہ میوزیم تزئین و آرائش کے بعد عوام کے لیے کھول دیا گیا
میوزیم میں داخلہ تمام زائرین کے لیے مفت ہے، ڈی جی آثار قدیمہ
لاہور:
آرائش وتزئین اور بحالی کے بعد روہتاس قلعہ میوزیم کو عوام کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل آثار قدیمہ زاہد عباس ملک کا کہنا ہے میوزیم اب ایک نئے انداز میں زائرین کو روہتاس قلعہ کی ثقافتی اور فن تعمیراتی اہمیت کا تجربہ فراہم کرتا ہے، جسے یونیسکو کے عالمی ورثہ کی حیثیت حاصل ہے۔
قلعہ روہتاس میوزیم کی بحالی اور آرائش وتزئین کا کام ڈپٹی ڈائریکٹر آثار قدیمہ اقبال خان کی نگرانی میں مکمل کیا گیا ہے۔
ڈی جی آثارقدیمہ کا کہنا ہے میوزیم میں داخلہ تمام زائرین کے لیے مفت ہے۔ میوزیم کی جدید نمائشیں نایاب آثار قدیمہ کو پیش کرتی ہیں جو زائرین کے تجربے کو مزید بہتر بناتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ دوبارہ کھولنے کا عمل پنجاب حکومت کی وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد ورثے کی سیاحت کو فروغ دینا اور پاکستان کے تاریخی خزینوں کی قدر و قیمت کو بڑھانا ہے۔