علم ِفلکیات کی روشنی میں  آپ کا یہ ہفتہ

 پیر 4 تا 10 نومبر 2024


 پیر 4 تا 10 نومبر 2024

 

برج حمل
سیارہ مریخ ، 21 مارچ تا20اپریل
آپ کا سیارہ مریخ اعلٰی تعلیم، ذہانت، اولاد اور محبوب کے امور کو متحرک کرنے پانچویں گھر آچکا ہے۔ آپ کی مثبت توانائی آپ کو معاملات پر حاوی ہونے کی راہ دکھائے گی۔ اس ہفتے اولاد کے امور کی فکر لاحق رہے گی۔ ان کی صحت بھی اہم ہوسکتی ہے۔ بیرون ملک سفر کے حوالے سے کچھ پیش رفت یا درست معلومات مل سکتی ہے۔ آپ اپنا سرمایہ سوچ سمجھ کے کہیں لگائیں اور کوشش کریں کہ رسک نہ لیں۔
 
برج ثور
سیارہ زہرہ ، 21اپریل تا 20 مئی
پیر اور منگل کو کسی پر اعتماد کرنے سے پہلے تین بار سوچ لیں۔ اگرچہ بظاہر حالات آپ کے حق میں ہیں لیکن یہاں نیپچون کی خرابی کسی دھوکے سے بھی دوچار کرسکتی ہے۔ اسٹاک ایکسچینج، بٹ کوائن یا لاٹری جیسے کاموں میں سوچ سمجھ کے ہاتھ ڈالیں۔ ماضی بعید کا کوئی دیرینہ دوست آپ کا مہمان بن سکتا ہے۔ یہاں غیرمتوقع مالی فائدہ بھی ہونے کا چراغ روشن ہے۔
 
برج جوزا
سیارہ عطارد ، 21مئی تا 21 جون
پرانے دوست سے تعلقات میں پھر سے نئی جان پڑسکتی ہے۔ کال آسکتی ہے یا سرِراہ ملاقات ہوسکتی ہے۔ کسی محفل میں جانے کا اتفاق ہوسکتا ہے اور آپ کی شخصیت کو سراہا جاسکتا ہے۔ آپ کی حاضردماغی بزنس اور نئے رشتوں میں اضافہ کرسکتی ہے۔ 7 نومبر کی تاریخ ایسی ہے کہ کوئی آپ کو ’’ہاتھ‘‘ دکھاسکتا ہے، جس کی وجہ مالی نقصان کا اندیشہ ہے۔ ایسے وقت میں اپنی غذا کا خصوصی خیال رکھیں۔
 
برج سرطان
سیارہ قمر ، 22جون تا 23 جولائی
ماتحت کام کرنے والے یا کوئی دوست جو بظاہر آپ کی مشکلات سے پریشان ہے اور آپ کا دستِ راست بنتا دکھائی دے رہا ہے، اس پر سوچ سمجھ کے اعتماد کریں اور کسی کے بھی کہنے پر 8 نومبر کو جذباتی بہاؤ میں بہہ کے کوئی وعدہ یا معاہدہ بالکل نہ کریں یا چیک بالکل نہ دیں۔ آپ سے جذباتی غلطی ہونے کا اندیشہ موجود ہے۔ ہاں ایک اجنبی یا ایک نیا بننے والا تعلق کچھ آسانیاں لاسکتا ہے، لیکن 8 تاریخ کو پھر بھی محتاط رہیں۔
 
برج اسد
سیارہ شمس ، 24جولائی تا 23 اگست
دوست ہو محبوب ہو یا اولاد آپ کے لیے خوشی کا سبب بن سکتے ہیں اور ایسا ابتدا ہی میں ہونے کی امید ہے۔ ہوسکتا ہے مراسم میں آئی ہوئی بگاڑ یا دراڑیں درست کرنے کا موقع ملے۔ آپ جذباتی ہونے سے گریز کریں اور ایسا لگتا ہے جیسے خود کو اکیلا محسوس کررہے ہیں۔ ایسی کیفیت سے بچنے کی کوشش کریں بزرگوں کے ساتھ وقت گزاریں۔ توانائی اور خوش بختی کے بند دروازے کھل جائیں گے۔
 
برج سنبلہ
سیارہ عطارد ، 24 اگست تا 23 ستمبر
مشتری، زہرہ، عطارد اور چاند کی باہمی ملاقات جو کہ 4 اور 5 نومبر کو ہونے جارہی ہے، آپ کے لیے تعلقات، آمدن اور خواہشات کی تکمیل میں آسانی لائے گی۔ ایسے وقت میں آپ خود کو خوش نصیب سمجھیں گے۔ سفر میں محتاط رہیں، دورانِ سفر کسی افسر یا صاحبِ حکم سے ملاقات بھی ہوسکتی ہے۔ نئی منصوبہ بندی ہوسکتی ہے جو مراسم کو خوب صورت بناسکتی ہے۔
 
برج میزان
سیارہ زہرہ ، 24 ستمبر تا 23اکتوبر
چاند، کیتواور عطارد کے مابین بننے والا تعلق کوئی غلطی کراسکتا ہے، حواس متاثر ہوسکتے ہیں، دورانِ سفر محتاط رہیں کوئی خراش آسکتی ہے اور صورت حال سمجھنا مشکل ہوسکتا ہے۔ ازدواجی تعلق کی خرابی کی کچھ رکاوٹیں دور ہوچکی ہیں اور کچھ ابھی باقی ہیں، بہتر ہے دو ہفتے سنبھل کے چلیں اور خاموشی سے وقت گزاریں۔ پھر کچھ بڑے جو کہ اس وقت معاون نہیں ہیں مہربان ہوجائیں گے۔
 
 برج عقرب
سیارہ پلوٹو ، 24 اکتوبر تا 22 نومبر
پیر اور منگل کو چاند، عطارد، مشتری اور زہرہ کی سعد روشنی آپ کی جیب پر پڑ رہی ہے۔ بیرون ملک سے یا اجنبی افراد سے مالی فائدہ ہوسکتا ہے۔ یہ وقت ایسا ہی لگ رہا ہے جیسے لاٹری یا انعام کا حاصل ہوجانا۔ اولاد کے حوالے سے بھی اچھی خبر مل سکتی ہے۔ آپ کے سر پر عزت کا تاج نظر آرہا ہے اور فتح آپ کے قدم چومتی ہوئی نظر آرہی ہے۔
 
 برج قوس
سیارہ مشتری ،23 نومبرتا 22 دسمبر
آپ کے افسرِاعلٰی آپ کی کارکردگی سے نہایت متاثر نظر آتے ہیں۔ ایسا لگتا ہے جیسے آپ کے خیالات آپ کے افسرِاعلٰی کے خیالات اور ارادے کے اصل کی نقل ہیں۔ یہاں مشتری، زہرہ، مریخ اور چاند سبھی آپ کی حمایت میں کھڑے ہیں۔ بزرگوں کی صحت کا خیال رکھیں۔ ایسے وقت میں پرانے معدے کا مسئلہ تنگ کرسکتا ہے۔ اپنی نیند کو اچھا کریں اور ارتکازِتوجہ کو بہتر کریں۔
 
 برج جدی
سیارہ زحل ، 23 دسمبر تا 20 جنوری
تعلقات کا معاملہ ابھی کچھ تناؤ میں دکھائی دیتا ہے۔ آپ کا سوچنے کا انداز دوسروں کو فکرمند کرسکتا ہے۔ ممکن ہے کچھ چیزیں آپ کی توقع کے مطابق نہ ہوں لیکن درگزر کریں تو اچھا ہے۔ ایسے وقت میں آن لائن یا کسی عالمی ادارے سے وابستگی کا امکان واضح ہے۔ امپورٹ ایکسپورٹ کے کسی کام سے وابستہ افراد کے لیے اس ہفتے کی ابتدا ہی شان دار کام یابی لاسکتی ہے۔
 
برج دلو
سیارہ یورنیس ، 21 جنوری تا 19 فروری
ازدواجی تعلق میں گرمی سردی کی خیر ہے لیکن مریخ تازہ تازہ آیا ہے، یہ شریکِ حیات کے لہجے کو کڑوا کرسکتا ہے اور آپ کی برداشت کا امتحان لے سکتا ہے، مضبوط ہوجائیں۔ سفر ہوں گے اور سفر سے نئے تعلق بنیں گے جو تیزی سے مضبوطی کی سمت بڑھ سکتے ہیں۔ محبوب شخصیت سے ملاقات ہوسکتی ہے۔ یہاں کثرتِ تعلق کی وجہ سے آپ پریشان ہوسکتے ہیں۔ کوشش کریں کہ ہر تعلق کو اس کی مناسب عزت و مقام دے سکیں۔
 
برج حوت
سیارہ نیپچون ، 20 فروری تا 20 مارچ
چاند کا آپ کے کیریئر کے خانے میں مشتری، زہرہ اور عطارد سے ملاقات کرنا بتاتا ہے کہ ملازمت یا رہائش گاہ یا دونوں میں تبدیلی کا امکان پیدا ہوسکتا ہے۔ بدھ اور جمعرات کو چاند کا محبوب اور اولاد کے خانے پر نظر ڈالنا اولاد سے خوشی دلاسکتا ہے یا محبوب سے رابطہ یا ملاقات ہوسکتی ہے۔ یہاں آپ خاصے جذباتی اور سنجیدہ نظر آرہے ہیں جو کہ اچھی بات ہے اور وقت کا تقاضا بھی یہی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں