حکمرانوں کے آخری دن آ گئے، اتنا ظلم نہ کریں کہ قوم بغاوت پر اتر آئے، شیخ رشید

ا سٹیٹ بینک یا ایف بی آر ثابت کریں کہ حکومت کے دوروں سے ملک میں کوئی سرمایہ کاری آئی ہے، سربراہ عوامی مسلم لیگ


ویب ڈیسک November 04, 2024

راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکمرانوں کے آخری دن آ گئے ہیں، اتنا ظلم نہ کریں کہ قوم بغاوت پر اتر آئے۔

انسداد دہشت گردی عدالت میں  9 مئی سے متعلق مقدمات میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ حکمرانوں کے آخری دن آگئے ہیں، اب کسی کو فریکچر ہوگیا تو کسی کو کچھ اور، سب بھاگ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ا سٹیٹ بینک یا ایف بی آر ثابت کریں کہ حکومت کے دوروں سے ملک میں کوئی سرمایہ کاری آئی ہے۔ چین کو ناراض کیا گیا اس پر انہیں کبھی معاف نہیں کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ 14، 14 کیسز بنائے گئے ہیں، بہت ظلم کیا جا رہا ہے۔ 

شیخ رشید نے کہا کہ قوم پر ظلم نہ کرو کہ بغاوت پر اتر آئے، قوم سے خوف ختم ہو چکا ہے۔  ہم نے 40 دن چلہ کاٹا، صحت اب تک ٹھیک نہیں، شکر ہے انتظار پنجوتھہ واپس آ گیا۔  انہوں نے یہ کیا اسٹوری بنائی، بزدل آدمی 100 بار مرتا ہے اور مضبوط آدمی ایک بار مرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کو ایسے بیچ رہے ہیں جیسے باپ کا مال ہو، حکومت بیٹھ چکی ہے، بہتر ہوگا پی آئی اے کی جگہ اپنے فلیٹ بیچ دیں۔  ریڑھی والا اس وقت بھی عدالت کے اندر موجود ہے، زمین پر ٹیکس بڑھا دیے گئے ہیں، اس سے پہلے ایسا کبھی نہیں ہوا۔

دریں اثنا شیخ رشید، سابق پارلیمانی سیکرٹری راشد شفیق، راجا بشارت  اور راشد حفیظ عدالت میں پہنچے۔ اس موقع پر تمام 13 تھانوں کے پولیس تفتیشی افسران  بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ کے روبرو سانحہ 9 مئی کے 13 کیسز کی سماعت ہوئی، جس میں ملزمان کی حاضری لگائی گئی۔ بعد ازاں عدالت نے 18 نومبر تک مکمل چالان طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔