جدید اور مہنگا کمپیوٹرائز سگنلنگ سسٹم پاکستان ریلوے کی گلے کی ہڈی بن گیا

درآمد شدہ سگنلنگ سسٹم کو پاکستان ریلوے کی مرکزی ریلوے لائن کے 60 فیصد اسٹیشنوں پر انسٹال کیا گیا ہے


ویب ڈیسک November 04, 2024

لاہور:

لاہور: پاکستان ریلوے کے سسٹم میں شامل جدید کمپیوٹرائز سگنلنگ سسٹم 2009 میں درآمد کیا گیا، درآمد شدہ سگنلنگ سسٹم کو پاکستان ریلوے کی مرکزی ریلوے لائن کے 60 فیصد اسٹیشنوں پر انسٹال کیا گیا ہے۔ یہ جدید کمپیوٹرائز انٹرلاکنگ سگنلنگ سسٹم مہنگی بجلی پر آپریٹ ہوتا ہے۔

گزشتہ دنوں مین لائن پر واقع چیچا وطنی اسٹیشن پر بجلی بل کی عدم ادائیگی پر کنکشن منقطع کر دیا گیا جس کے باعث قیمتی سسٹم جواب دے گیا۔

ریلوے ٹریک پر چلنے والی گاڑیوں کو پائلٹ کر کے مین لائنوں سے گزارا جا رہا ہے، اسٹاپ والی ٹرین مین لائن پہ کھڑی ہوتی ہے جبکہ تھرو پاس ہونے والی گاڑی کو بھی پی ایل سی دے کر روانہ کیا جاتا ہے۔

کچھ روز قبل اوکاڑہ ریلوے اسٹیشن کی بجلی بل کی عدم ادائیگی پر منقطع ہوگئی تھی۔ لاہور سے اوکاڑہ ریلوے اسٹیشن پر روزانہ 12 میل ایکسپریس ٹرینوں کا اسٹاپ مقرر کیا گیا ہے، ٹرینوں کو پلیٹ فارم پر کھڑا کرنے کے کے بجائے مین لائن پر کھڑا کیا جاتا ہے۔

ٹرینیں تاخیر کا شکار ہونے کے باعث مسافروں کو سخت اذیت کا سامنا ہے، یہاں سے گزرنے والی تیز رفتار چھ ایکسپریس ٹرینوں میں گرین لائن بھی شامل ہے لیکن یہاں سے تمام ٹرینوں کو پی ایل سی واکی ٹاکی کے ذریعے سلو پاس کروایا جاتا ہے۔ ٹرینوں کو سلو پاس کروانے کے باعث ہزاروں روپے کا ڈیزل الگ سے ضائع ہو جاتا ہے۔

مسافروں نے ریلوے حکام سے اپیل کی ہے کہ ٹرینوں کو بروقت ریلوے اسٹیشنز کے پلیٹ فارم پر پہچنا یقینی بنائیں، ٹرین آپریشن کو مسافروں کی سہولت کے عین مطابق بحال کیا جائے۔

دوسری جانب، ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ سسٹم ٹھیک کر دیا گیا ہے، بجلی کے بل ادا ہو چکے ہیں اور بجلی بھی آ رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں