ایک پاؤ آلو چوری، شہری  نے پولیس کو فون کھڑکا دیا

ایمرجنسی ہیلپ لائن 112 پر پولیس کو غیر معمولی "چوری" سے متعلق کال موصول ہوئی

 

حال ہی میں اترپردیش کے ہردوئی سے تعلق رکھنے والے وجے ورما نامی ایک شخص نے دیوالی کے موقع پر پولیس کو فون کیا اور شکایت کی اس کے 250 گرام آلو چوری ہوچکے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس نے اصرار کیا کہ وہ "چوری" کی رپورٹ درج کریں اور تحقیقات کا مطالبہ کیا تاکہ مجرم کو پکڑا جا سکے۔
ایمرجنسی ہیلپ لائن 112 پر پولیس کو آلو کی غیر معمولی "چوری" سے متعلق کال موصول ہوئی جس کے بعد پولیس ٹیم موقع پر پہنچی جہاں انہیں معلوم ہوا کہ شہری شراب کے نشے میں تھا اور ’چوری‘ ہوئے آلو محض 250 گرام تھے۔
موقع پر پہنچ کر پوچھ گچھ کے بعد شہری نے افسروں کو سمجھایا کہ اس نے آلو پکانے کے لیے چھیلے تھے، انہیں کچھ دیر کے لیے چھوڑ دیا تھا اور واپس آنے کے بعد انھیں غائب پایا۔
پولیس نے شکایت کنندہ کے ساتھ بات چیت کا ایک مختصر ویڈیو ریکارڈ کیا جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ ویڈیو میں شہری کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے اس حرکت کی تحقیقات کی جائیں۔ 
اس کے شراب پینے کی عادت کے بارے میں مزید پوچھنے پر اس نے کہا کہ ہاں میں سارا دن محنت کرتا ہوں اور شام کو تھوڑا سا پیتا ہوں۔ لیکن یہ شراب کے بارے میں نہیں ہے، یہ گمشدہ آلو کے بارے میں ہے۔ 
Load Next Story