کراچی؛ نجی اسپتال کی لیبارٹری میں ڈکیتی کی کوشش ناکام، ملزمان رنگے ہاتھوں گرفتار
ڈاکوؤں نے لوٹ مار شروع کی تو ملازم نے بروقت الارم سوئچ دبا دیا، قریب موجود پولیس نے واردات ناکام بنادی
کراچی:
ناظم آباد میں نجی اسپتال کی لیبارٹری میں ڈکیتی کی کوشش ناکام بنادی گئی۔ ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا۔
شاہین فورس اور ناظم آباد پولیس کے اہل کاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے نجی اسپتال کی لیبارٹری میں ڈکیتی کرنے والے 2ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ اور لوٹی ہوئی رقم برآمد کرلی۔
ناظم آباد تھانے کی حدود میں واقع عباسی شہید اسپتال کے قریب مسلح ڈکیتوں نے نجی اسپتال کی لیبارٹری میں ڈکیتی کی کوشش کی۔ پولیس کے مطابق اتوار کی علی الصبح ناظم آباد نمبر 3 میں 2 ڈکیت نجی اسپتال کی لیبارٹری گھس گئے اور کیش کاؤنٹر پر موجود عمران نامی ملازم کو یرغمال بنا کرلوٹ مار شروع کردی۔ ملازم کے بروقت الارم سوئچ دبانے پر قریبی موجود ناظم آباد پولیس اور شاہین فورس نے لیبارٹری پہنچ کر ڈکیتی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 2 ڈکیتوں کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ڈکیتوں کی شناخت محفوظ خان ولد محمد اشرف خان اور سلیم ولد محمد سعید کے ناموں سے کی گئی۔ گرفتارڈکیتوں کے قبضے سے اسلحہ اورلوٹی ہوئی رقم بھی برآمد کرلی گئی۔ پولیس نے رنگے ہاتھوں گرفتار ملزمان سے تفتیش شروع کردی ہے۔