شاہراہ فیصل پر عمارتوں کی تزئین و آرائش اور سولر لائٹس لگانے کا کام جاری
کئی عمارتوں نے رنگ و روغن کا کام مکمل کرلیا، سولر لائٹس سے خوبصورتی نمایاں ہوگی، رپورٹ وزیراعلیٰ کو پیش
کراچی: شاہراہ فیصل پر واقع عمارتوں کی تزئین و آرائش اور ان پر سولر لائٹس لگانے کا کام جاری ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر شاہراہ فیصل پر رہائشی عمارتوں کی خوبصورتی کا کام جاری ہے۔ ترجمان کے مطابق شاہراہ فیصل پر 14 عمارتوں کی تزئین و آرائش کا کام شروع ہوچکا ہے۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے ڈائریکٹر جنرل رشید سولنگی نےعمارتوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ فلک ناز بلڈر نے اپنی 7 عمارتوں کا رنگ و روغن کر لیا ہے۔ دیگر بلڈرز نے بھی اپنے پروجیکٹس کا پینٹ مکمل کر کے سولر پینل لگا رہے ہیں۔
انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو پیش کی گئی رپورٹ میں مزید بتایا کہ سولر پینل لگانے سے عمارتوں کو لائٹس کے ذریعے مزید خوبصورت کیا جائے گا۔ شاہراہ فیصل پر قائم دیگر نجی اداروں کی 10 عمارتوں کی بھی خوبصورتی کا کام جاری ہے۔