افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام، سیکیورٹی فورسز کی 2 کارروائیوں میں 6 دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے شمالی اور جنوبی وزیرستان میں دو علیحدہ کارروائیوں میں 6 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ تین کو زخمی کردیا


ویب ڈیسک November 04, 2024
فوٹو فائل

RAWALPINDI:

سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان میں افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 5 دہشت گردوں جبکہ شمالی وزیرستان میں کارروائی کر کے ایک دہشت گرد کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 3 اور چار نومبر کی درمیانی شب خیبرپختونخوا کے دو اضلاع میں کارروائیوں کے دوران 6 خوارجیوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے عام علاقے دوسالی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی۔

اس کے دوران دہشت گردوں سے فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا جس میں خارجی دہشت گرد احمد شاہ عرف انتظار ہلاک ہوگیا۔

ایک اور کارروائی میں، سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے خامرنگ میں پاک افغان سرحد کے ذریعے دراندازی کی کوشش کرنے والے خوارج کے ایک گروپ کی نقل و حرکت پر بروقت کارروائی کی اور دراندازی کی کوشش کو ناکام بنادیا۔ اس دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں 5 خوارج ہلاک جبکہ تین زخمی ہوئے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان مستقل طور پر عبوری افغان حکومت سے اپنی سرحد کے مؤثر انتظام کی درخواست کرتا رہا ہے، عبوری افغان حکومت سے توقع ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کی حفاظت اور دہشت گردی کے خاتمے کے عزم پر قائم ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں