سندھ اسمبلی: 26 ویں آئینی ترمیم کے تحت صوبے میں آئینی بینچز کے قیام کی قرارداد منظور

قرارداد کے حق میں 123 اراکین نے ووٹ دیا، تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کی مخالفت


اسٹاف رپورٹر November 04, 2024

کراچی:

سندھ اسمبلی نے پیر کو اپنے اجلاس میں 26 ویں آئینی ترمیم کے تحت صوبے میں آئینی بینچز کی تشکیل سے متعلق قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی۔

قرارداد صوبائی وزیر پارلیمانی امور و داخلہ ضیا الحسن لنجار نے پیش کی جس پر ایوان میں موجود ارکان نے کھڑے ہو کر رائے شماری میں حصہ لیا۔

 قرارداد کے حق میں 123 اراکین نے ووٹ دیا۔ ایم کیو ایم اور پی پی نے قرارداد کے حق میں جبکہ تحریک انصاف کے حمایت یافتہ ارکان اور جماعت اسلامی کے رکن محمد فاروق نے قرارداد کی مخالفت کی۔

وزیر پارلیمانی امور ضیا الحسن لنجار نے ایوان میں قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آئین کے آرٹیکل دو سو دو اے میں سب کلاز سکس کے تحت قرارداد لانا ضروری تھا، یہ آئینی تقاضا ہے جس کی سندھ اسمبلی تعمیل کررہی ہے۔

اس موقع پر قائد ایوان وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ آج سے ہفتہ دس دن پہلے ہم نے قوانین میں ترمیم کی تھی تمام ارکان کو چاہیے تھا کہ رولز کو پڑھ کر آتے۔ اس قرارداد کی شرط ہے کہ پچاسی ممبرز اس کی حمایت کریں۔

انہوں نے کہا کہ ایوان میں اس قراداد کو پیش کرنے سے قبل ارکان کو مطلع کرنا چاہیے تھا لیکن اگر ایسا نہیں ہوا تو اسے ایوان کے رولز کو بلڈوز کرنا نہیں کہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے تحت صوبائی اسمبلیاں قرارداد پاس کریں گی تو صوبائی ہائی کورٹ میں آئینی بینچ بنیں گے، آج قرارداد لانے کا صحیح وقت ہے نہ پہلے نہ بعد میں قراراداد لائے۔

انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن پاکستان بن چکا ہے صوبوں کے لیے بھی اپیل کرتے ہیں وہ جلد تمام آئینی تقاضے پورے کریں تاکہ لوگوں کو جلد سے جلد فائدہ ہو اور انہیں فوری انصاف مل سکے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم میں آئینی بینچز کا ڈرافٹ بلاول بھٹو زرداری کا ہے۔ پی ٹی آئی نے بھی آئینی بینچز کی تشکیل کے حوالے سے اپنے دو ممبرز کے نام دیئے ہیں۔ اسکا مطلب چھبیسویں ترمیم کو انہوں نے بھی مان لیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں