حکومت سندھ کی کوششوں سے کراچی میں امن و امان کی صورت حال بہتر ہوئی، وزیر داخلہ لنجار

ہم سب ملکر کراچی کو امن کا گہوارہ بنائیں گے، اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کی شرح بھی کم ہوگئی ہے، لنجار

فوٹو فائل

کراچی:

وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کی کوششوں کے باعث کراچی میں امن و امان کی صورت حال میں خاصی بہتری آئی اور ہم سب ملکر شہر کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔

یہ بات وزیر داخلہ نے پیر کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں مختلف توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں کہی۔

سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پیر کو ارکان کے مختلف توجہ دلاﺅ نوٹس بھی زیر غور آئے جن میں عوامی اہمیت کے حامل امور کی نشاندہی کی گئی تھی ۔ سنی اتحاد کونسل کے سجاد احمد نے کہا کہ لیاری میں سرعام منشیات فروخت ہوتی ہے اور پولیس پیسے لیتی ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ جمعہ بلوچ روڈ پر منشیات سرعام مل رہی ہے۔ اس کے جواب میں وزیر داخلہ ضیا الحسن النجار نے کہا کہ حکومت سندھ نے نارکوٹکس قانون پاس کیا ہے، پولیس سے ہٹ کر بھی منشیات کے خلاف کام ہورہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ رواں سال نارکوٹکس کی 160 مقدمے درج اور ایک سو نوے افراد گرفتار ہوئے، اس عرصے میں ساڑھے تین کلو آئس اور دو کلوہیروئن بھی پکڑی گئی۔اسی سال 35 سو کلو گرام تمباکو پکڑا گیا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ گٹکا ماوا ہمارے معاشرے میں کینسر کا سبب بن رہا ہے صرف لیاری میں ایک سو 23 مقدمے درج ہوئے ہیں۔ لیاری میں اس طرح کی شکایات ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر ایکسائزشرجیل میمن کی سربراہی میں نارکوٹکس محکمہ لیاری میں خاص طور پر کام کریگا۔ ہم چاہتے ہیں کہ سندھ کو نشے اور منشیات سے پاک کریں۔

اس موقع پر وزیر ایکسائز شرجیل انعام میمن نے کہا کہ منشیات ہمارے معاشرے لیے سب سے اہم چیلنج ہے، اس لعنت پر قابو پانے کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کرسٹل اور آئس بہت خطرناک نشے ہیں۔اس ایون نے نارکوٹکس کا قانون پاس کیا ،یہ کریڈٹ تمام جماعتوں کو جاتا ہے ۔اس پر آپ سب لوگ سنجیدہ ہیں۔

ایم کیو ایم کے نجم مرزا نے واپنے توجہ دلاﺅ نوٹس میں کہا کہ کورنگی میں غیرقانونی طورپر زمینوں کا کام ہو رہا ہے،اسٹنٹ کمشنر کو اے ڈی سی کے کمرے میں بند کیا گیا۔ ضیا الحسن النجار نے کہا کہ یہ اہم مسئلہ ہے ،غیرقانونی طورپر جو بھی انٹریز ہونگی وہ ہم منسوخ کریں گے۔ آپ کے پاس تفصیلات ہیں تو مجھے دیں۔

انہوں نے کہا کہ ندی کے کیسے کاغذات بن سکتے ہیں یہ ممکن نہیں ہے، قانون سے بالاتر کوئی نہیں ہے، جو بھی ملوث ہوگا اسکے خلاف کارروائی ہوگی۔

ایم کیو ایم کے عامر صدیقی نے کراچی میں ٹریفک کی بدترین صورتحال پر توجہ دلاﺅ نوٹس پیش کیا۔وزیر پارلیمانی امور نے کہا کہ شہر کے کئی علاقوں میں تعمیراتی کام چل رہا ہے جن علاقوں کی نشاندہی کی گئی ہے وہاں صورتحال کی بہتری کے لئے کام کریں گے۔

ایم کیو ایم کی فوزیہ حمید نے اپنے ایک توجہ دلاﺅ نوٹس میں کہا کہ کراچی شہر میں اسٹریٹ کرائم بہت بڑھ گیا ہے ۔وزیر داخلہ ضیاءالنجارنے کہا کہ امن و امان کی صورتحال میں اب پہلے کے مقابلے میں خاصی بہتری آئی ہے شہر میں کئی کامیاب ایونٹ ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آرٹس کونسل میں باہر ممالک کے لوگ آئے ہوئے تھے ،محرم الحرام کے جلوس کامیابی سے گزرے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ملاقاتیں کیں، کباڑیوں اور موبائل کا کاروبار کرنے والوں کو سمجھایا کہ چوری کے موبائل نہ خریدیں ۔موبائل چھیننے کے واقعات 2023 میں 23 ہزار سے تھے۔ دو ہزار چوبیس میں ماضی کے نسبت کمی آئی۔

انہوں نے کہا کہ کرائم میں واضح کمی نظر آرہی ہے، اسٹریٹ کرائم کی شرح 26 فیصد اور28 فیصد گاڑیوں کی چوری میں کمی آئی ہے۔ جس کی وجہ 15 مددگار پولیس کو مضبوط کرنا اور موبائل پیٹرولنگ کو بڑھانا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ سات ہزارسی سی ٹی وی کیمراز کمیونٹیز سے ملکر لگوائے ہیں، اس میں پولیس کو کافی کامیابیاں ملی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر کراچی کوکراچی کو امن گہوارا بنائیں گے۔

ایم کیو ایم کے معاذ محبوب نے اپنے توجہ دلاﺅ نوٹس میں کہا کہ لیاقت آباد میں ہرطرف گندگی ہے ،چکن گونیا کے کیسز سب سے زیادہ میرے حلقے میں رکارڈ ہوئے ہیں۔ پارلیمانی سکریٹری بلدیات قاسم سراج سومرو نے کہا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی انتظامیہ سے بات ہوئی ہے۔ علاقے میں کچرا بالکل موجود تھا جو اب کافی حد تک اٹھایا جاچکاہے۔

انہوں نے کہا کہ سارا ملبہ ایک ادارے پر نہیں ڈالنا چاہیے۔ سیکریٹری ہیلتھ نے رکن اسمبلی معاذ محبوب کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے حلقے کے لوگوں کی تربیت بھی کریں کہ جو کچرے کو مقررہ جگہ پر پھینکیں۔

Load Next Story