یونیورسٹی روڈ پر جامعہ این ای ڈی کے قریب تعمیراتی کام کے باعث کھودی گئی سڑک میں کار گرنے سے ڈرائیور زخمی ہوگیا ، اتوار کو بھی یونیورسٹی روڈ سمامہ کے قریب موٹر سائیکل سوار گڑھے میں گر کر زخمی ہوا تھا۔
انتظامیہ کی جانب سے تعمیراتی کام کے دوران شہریوں کی رہنمائی اور ان کی حفاظت کے لیے گڑھوں کی عدم نشاندہی شہریوں کے لیے خطرناک حد تک ثابت ہو رہی ہے۔
گڑھے میں کار گرنے کی فوٹیج بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 2 نومبر کی شب کار سوار پہلے اپنی کار کو ریوس کرتا ہے اور جسے ہی کار کو آگے بڑھاتا ہے کار گہرے گڑھ میں گر جاتی ہے جس کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوجاتی ہے اور فوری طور پر اپنی مدد آپ کے تحت سخت جدوجہد کے بعد کار چلانے والے شخص کو باہر نکلا جاتا ہے جسے ہاتھ اور جسم کے دیگر حصوں پر چوٹیں آئیں تھیں۔
اس موقع پر موجود عوام کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی روڈ پر تعمیراتی کام کے دوران حادثات معمول بنتے جا رہے ہیں، انتظامیہ کی جانب سے حفاظتی اقدامات کے خاطر خواہ اقدامات کا فقدان دکھائی دیتا ہے جو شہریوں کے لیے غیر معمولی صورتحال کا بھی سبب بن رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ دو روز میں کھودے گئے گڑھوں میں کار اور موٹر سائیکل گرنے سے 2 افراد زخمی ہوگئے ، واقعہ کے بعد انتظامیہ کی جانب سے گڑھے کے اطراف حفاظتی بیریئرز لگا دیے گئے۔