کوئی بھی شخص یا قوت پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ

حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے، عطاء اللہ تارڑ


ویب ڈیسک November 05, 2024

اسلام آباد:

وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے اور کوئی بھی شخص یا قوت پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔

اسلام آباد میں نیشنل یوتھ سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر عطاء تارڑ نے کہا کہ تقریب میں شریک تمام مندوبین کو خوش آمدید کہتا ہوں، پاکستان کے بہترین اور ہنرمند نوجوان تقریب میں موجود ہیں۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ پاکستان کی بنیاد ایک خواب پر رکھی گئی، علامہ اقبالؒ کے خواب کو قائداعظمؒ نے تعبیر دی، نوجوانوں نے قائداعظمؒ کے کندھے سے کندھا ملا کر آزادی حاصل کی، نوجوانوں نے گلی گلی، قریہ قریہ میں پاکستان کا مطلب کیا لا الہ اللہ کا نعرہ پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان ہنرمند نوجوانوں کا ملک ہے، پاکستان کی نوجوان آبادی ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور ہر فورم پر نوجوان پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں، پاکستانی نوجوان دنیا کے منظرنامے کو منفرد شکل دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا وقت کا تقاضا ہے اور حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے، ملکی معیشت کی مضبوطی کے لیے حکومت دن رات کوشاں ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم نے فلسطین کے 200طلبہ کو پاکستانی اداروں میں داخلے دیے، اسرائیل نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے، اقوام عالم فلسطینیوں کی نسل کشی کو رکوانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے، پاکستان 1967 سے پہلے والی فلسطینی ریاست کی بحالی چاہتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں