سروسزچیف کی مدت بڑھانا اندرونی معاملہ ہے تاہم قانون سازی تسلیم کریں گے، سلمان اکرم
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ سروسز چیف کی مدت بڑھانا سروسز کا اندرونی معاملہ ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا نے کہا کہ قانون سازی کا ایک طریقہ ہوتا ہے۔ سروسز چیف کی مدت 3 سے بڑھا کر 5 سال کردی گئی۔ یہ سروسز کا اندرونی معاملہ ہوتا ہے تاہم اس کو تسلیم کریں گے اور آگے بڑھیں گے۔ایک ہی دن میں سپریم کورٹ میں 17 آسامیاں پیدا کی گئی ہیں۔ منصوبہ عدلیہ کو غیر فعال بنانا ہے۔
سلمان اکرم راجا کا مزید کہنا تھا کہ حکومت اپنی مرضی سے اور مقتتدرہ کی خواہش پر ججز لگائے گی۔ حکومت ایسے ججز لگانا چاہتی ہے جو پاکستانیوں کے حق سے دستربرداررہیں۔ پاکستان کو ایک محکوم ملک بنانے کی سازش ہے اور خواہش ہے کہ ہر ایک خوف میں رہے کوئی سوال نہ اٹھائے۔ کسی وقت کسی کو بھی اٹھایا جاسکتا ہے۔ وہی حال ہمارا ہوگا جو انتظار پنجوتھا کا ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں بطور ایک قوم اٹھنا ہوگا ہمیں انتظار پنجھوتھا کا چہرہ سامنے رکھنا ہوگا اور عدلیہ پر حملے کے خلاف مزاحمت کرنا ہوگی۔ ہمیں فیصلہ کرنا ہے کہ ہم ایک آزاد قوم ہیں یا محکوم قوم ہیں۔ بانی پی ٹی آئی نے بھی اسی حقیقی آزادی کا نعرہ لگایا ہے۔ ایک ریاست جس کا تعلق عوام سے ٹوٹ چکا ہو ترقی نہیں کرسکتی۔