JERUSALEM:
اسرائیل کے وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے اعتماد کے فقدان پر وزیر دفاع یووگیلنٹ کو برطرف کر دیا۔
غیرملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے یووگیلنٹ کی جگہ اسرائیلی وزیر خارجہ اسرائیل کاٹز کو ملک کا نیا وزیر دفاع نامزد کیا ہے۔
نیتن یاہو نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیر دفاع کے درمیان مکمل اعتماد کی ضرورت ہے، جنگ کے وقت وزیر دفاع یووگیلنٹ پر اعتماد نہیں ہے لہٰذا آج وزیر دفاع گیلنٹ کی خدمات واپس لینے اور ان کی جگہ کاٹز کو وزیردفاع مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو نے گیڈیون سار کو نیا وزیرخارجہ مقرر کردیا ہے۔
اسرائیلی فورسز نے منگل کو غزہ کے شمال میں شہریوں کے انخلا کے لیے نئے احکامات جاری کردیے تھے اور کارروائی میں فلسطینی کے طبی عملے اور میڈیا کو نشانہ بنایا تھا۔
اسرائیل کی اس وحشیانہ کارروائی میں 35 فلسطینی شہید ہوگئے تھے۔
خیال رہے کہ اسرائیل کے برطرف وزیردفاع گیلنٹ اور وزیراعظم نیتن یاہو دونوں دائیں بازو کی جماعت سے تعلق رکھتے ہیں لیکن غزہ میں گزشہ ایک برس سے جاری جنگ کے دوران دونوں کے درمیان انتہائی کشیدگی جاری تھی۔
نیتن یاہو نے کہا کہ گیلنٹ ایسے بیانات جاری کرتا ہے جو حکومت اور کابینہ کے فیصلوں کے برخلاف ہوتے ہیں۔
دوسری جانب گیلنٹ نے جواب میں کہا کہ اسرائیل کی سیکیورٹی بطور ریاست میری زندگی کا مشن تھا اور ہمیشہ رہے گا۔
اسرائیل کے نئے وزیردفاع کاٹز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں کہا کہ وہ نئی ذمہ داریاں اسرائیلی ریاست اور اس کے شہریوں کی سیکیورٹی کے لیے مشن اور مقدس فریضہ سمجھ کر سنبھال لیں گے۔