خیبرپختونخوا حکومت کا اسکول سے غیر حاضر احتجاجی اساتذہ کو معطل کرنے کا اعلان
خیبرپختونخوا حکومت نے اپنی ڈیوٹیاں چھوڑ کر احتجاج میں شریک ہونے والے اساتذہ کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں پرائمری اسکولوں کے اساتذہ کا احتجاج جاری ہے اور مظاہرین و حکومت کے درمیان معاملات تاحال طے نہیں ہوسکے ہیں۔
اسی دوران صوبائی حکومت نے پرائمری اسکولوں میں غیر حاضر اور احتجاج میں شریک اساتذہ کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا، اس ضمن میں ڈائریکٹر ایجوکیشن نے تمام ضلعی ایجوکیشن افسران کو فوری کارروائی کی ہدایت کردی۔
حکومت کا مؤقف ہے کہ اسکولوں کو بند کرنا حکومتی رٹ کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے۔
دوسری جانب اساتذہ نے حکومت کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’معطلی سے نہیں ڈرتے، اپنے مطالبات کے لئے پہلے بھی قربانیاں دیں ہیں اور اب بھی دیں گے۔‘
احتجاجی اساتذہ نے کہا ہے کہ صوبائی صدر اور کابینہ کی طرف سے جو ہدایت ملیں گی ہم اس پر عمل کریں گے۔