پاکستان کی ترقی میں دوست ممالک کا اہم کردار ہے، وزیرہاؤسنگ
وفاقی وزیر برائے ہاوسنگ و تعمیرات ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں موجودہ حکومت کی پالسیوں اور دوست ممالک کا اہم ترین کردار ہے۔
وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ نے اسلام آباد میں ایک نجی ہوٹل میں آذربائیجان کے یوم دفاع کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوموں کی تشکیل میں بے پناہ قربانیاں دی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے دوست ممالک کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ خطے میں بدلتے ہوئے حالات پر گہری نظر ہے، پاکستان کی حکومت نے ہر مشکل وقت میں دوست ملک آذربائیجان کا ساتھ دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام بردار ملک آذربائیجان کے ساتھ دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
پاکستان میں متعین آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف کا کہنا تھا کہ ہمیں پاکستان سے دوستی پر فخر پاکستان اور ہمارے ملک کے مذہبی ثقافتی رشتے ایک جیسے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک تاریخی اہمیت کا حامل ملک ہے اور دفاعی اعتبار سے خطے میں پاکستان کی پالیسیاں بے حد مضبوط ہیں۔
اس موقع پر سابق وفاقی وزیر مشاہد حسین سید، وفاقی وزیر روبینہ خورشید عالم، گورنر خیبرپختونخوا (کے پی) فیصل کریم کنڈی کے علاوہ اعلیٰ سول اور ملٹری کے افسران بھی موجود تھے۔