سی پیک اور ماسٹر پلان کے دوسرے فیز پر کام شروع کررہے ہیں، ڈائریکٹر گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی

سی پیک اور گوادر اسمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے، شفقت انور شاہوانی

GWADAR:

گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی(جی ڈی اے) کے ڈائریکٹر جنرل شفقت انور شاہوانی نے 2025 کو گوادر کا سال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اور گوادر اسمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا اور دوسرے مرحلے کا کام جلد شروع کر رہے ہیں۔

اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے تعاون سے ماس ہیومین ریسورس سروسز اور چائنا اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی کے زیر اہتمام گوادر چائنا بزنس سینٹر میں ایکسپلور اینڈ اپ لفٹ گوادر کے حوالے سے تقریب منعقد ہوئی جہاں بڑی تعداد میں سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی، تقریب کا مقصد بلوچستان بالخصوص گوادر کی تعمیرو ترقی کی راہ میں حائل مشکلات کو دور کرنا تھا۔

ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی شفقت انور شاہوانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک اور گوادر اسمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے، سی پیک اور ماسٹر پلان کے دوسرے فیز پر کام شروع کررہے ہیں اور 2025 گوادر کا سال ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ گوادر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے فائدہ اٹھانے کےلیے حکومت پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرےگی۔

ان کا کہنا تھا کہ چین کے تعاون سے سی پیک کے پہلے فیز میں جی ڈی اے پاک چائنا اسپتال، نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ، پاک چائنا فرینڈ شپ ٹریننگ انسٹیٹیوٹ، ایسٹ بے ایکسپریس سمیت متعدد منصوبے مکمل ہوئے ہیں جن سے مقامی سطح پر لوگ مستفید ہورہے ہیں۔

شفقت انور شاہوانی نے کہا کہ سی پیک منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچانا شروع ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جی ڈی اے اولڈ بحالی منصوبے کے تحت جامع حکمت عملی پر کام کررہی ہے جس میں پرانی آبادی میں شاہراہوں کی تعمیر و توسیع، تعلیمی اداروں کی بحالی، آثار قدیمہ کی تعمیر و تحفظ، سیوریج و ڈرینج سمیت انفرا اسٹرکچر کی بہتری کے متعدد منصوبے شامل ہیں۔

تقریب میں آباد کی نمائندگی حسن بخشی، اویس تھانوی اور افنان قریشی نے کی، چیئرمین آباد کا کہنا تھا کہ گوادر میں کام کرنے کے بہت سے مواقع موجود ہیں حکومت اگر سرپرستی کرے تو یہاں بڑے پراجیکٹس لگائے جا سکتے ہیں۔

اس موقع پر چین کےقونصل جنرل ینگ ین ڈانگ نے بھی گوادر کی تعمیر و ترقی اور سی پیک کی تیزی پر زور دیا، کمانڈنگ آفیسر جنید علی نے شرکا کو گوادر کی صورت حال سے آگاہ کیا۔

تقریب کے مہمان خصوصی رکن صوبائی اسمبلی ہدایت الرحمان نے بھی گوادر کی تعمیر و ترقی اور اس میں حائل رکاوٹوں کا تذکرہ کیا۔

Load Next Story