راولپنڈی؛ آن لائن مالی فراڈ میں ملوث گینگ کا اہم رکن گرفتار

ملزم نے دھوکا دہی اور فراڈ سے حاصل کردہ 17 لاکھ 70 ہزار سے زائد کی رقم بینک اکاونٹس میں وصول کی


ویب ڈیسک November 07, 2024

راولپنڈی:

ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل راولپنڈی نے کارروائی کرتے ہوئے آن لائن مالی فراڈ میں ملوث گینگ کے اہم رکن کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم راشد ملک کو چھاپہ مار کارروائی میں راولپنڈی سے گرفتار کیا گیا، ملزم آن لائن فراڈ میں ملوث گینگ کا اہم سہولت کار ہے۔

مذکورہ گینگ سادہ لوح شہریوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے رابطہ کر کے اپنے جال میں پھنساتا تھا، ملزمان جعلی اکاونٹ بنا کر خود کو متاثرین کا رشتہ دار ظاہر کر کے پیسے بٹورتے تھے۔

ملزم راشد ملک نے دیگر ساتھیوں کی ملی بھگت سے جعلی دستاویزات استعمال کرتے ہوئے بینک اکاؤنٹ کھلوایا اور مختلف بینکوں میں 4 اکاونٹ کھلوائے۔ ملزم نے دھوکا دہی اور فراڈ سے حاصل کردہ 17 لاکھ 70 ہزار سے زائد کی رقم بینک اکاونٹس میں وصول کی۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم مجموعی طور 40 لاکھ روپے سے زائد کی رقم اپنے اکاونٹس میں وصول کر چکا تھا، ملزم رقم نکلوانے بینک آیا تھا جہاں سے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزم فراڈ سے حاصل کردہ رقم کا 3 سے 5 فیصد بطور کمیشن وصول کرتا تھا۔

ملزم کے قبضے سے چیکس بھی برآمد کر لیے گئے، گینگ کے دیگر ملزمان متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے کا فراڈ کر چکے ہیں۔

گینگ کے 6 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا، دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں