اسلام آباد ہائیکورٹ؛ اسد قیصر کی مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر فریقین کو نوٹس
اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق اسپیکر اسد قیصر کی مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کر دیا۔
جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے وزارت داخلہ سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔ کیس کی آئندہ سماعت رجسٹرار آفس مقرر کرے گا۔ اسد قیصر کی وکیل عائشہ خالد ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئیں۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ کسی ایسے مقدمہ میں گرفتاری کا خدشہ ہے جس مقدمے کا پہلے سے علم ہی نہیں۔ استدعا کی کہ ملک بھر میں درج مقدمات، انکوائریز یا انوسٹی گیشنز کی تفصیلات فراہم کرنے کے احکامات دیے جائیں۔ پولیس، نیب اور ایف آئی اے میں درج مقدمات کی معلومات دی جائیں۔
وزارت داخلہ سمیت اسلام آباد اور چاروں صوبوں کے آئی جیز، چیف کمشنر، قومی احتساب بیورو اور ایف آئی اے کو بھی درخواست میں فریق بنایا گیا۔
عدالت نے وزارت داخلہ سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔