وزیراعظم نے گلگت بلتستان میں رمدے یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھ دیا

یہ ایک ٹرسٹ کے تحت قائم کی جا رہی ہے جس کی تعمیر  سمندر پار پاکستانیوں سمیت پاکستان بھر کے مخیر افراد کے تعاون سے ہوگی


ویب ڈیسک November 07, 2024

کراچی:

وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان میں تھاگوس، ضلع گھانچے کے مقام پر رمدے یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھ دیا، یہ جامعہ ایک ٹرسٹ کے تحت قائم کی جا رہی ہے جس کی تعمیر  سمندر پار پاکستانیوں سمیت پاکستان بھر سے مخیر افراد کے تعاون سے مکمل ہوگی۔

اس حوالے سے سنگ بنیاد کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں جسٹس (ر) خلیل الرحمن رمدے اور اُن کے تمام احباب کو دِل کی گہرائیوں سے ’رمدے یونیورسٹی‘ کے قیام کی مبارک پیش کرتا ہوں، رمدے یونیورسٹی کے قیام کے حوالے سے تعاون کرنے والے تمام اداروں اور افراد کی کوششیں لائق تحسین ہیں، آج ہم سب نے مل کر یہاں کے بچوں اور بچیوں کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھی ہے، گلگت بلتستان کے گھانچے جیسے دور دراز علاقے میں اعلیٰ تعلیم کے ادارے کا قیام انتہائی خوش آئند ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ 11 ہزار فٹ کی بلندی پر تھاگوس کے مقام پر قائم ہونے والی یہ یونیورسٹی جدید علوم اور تحقیق کے معیار کی بلند چوٹیاں سر کرے گی، پاکستان میں تعلیم کے فروغ میں نجی شعبے کا کردار انتہائی اہم ہے، نجی تعلیمی اداروں سے فارغ التحصیل ہونے والے طلباء نے ہر شعبے میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے، گلگت بلتستان کی ترقی اور وہاں کے عوام کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، گزشتہ روز گلگت بلتستان کے دورے کے دوران سیلاب سے 62 متاثرہ خاندانوں کو گھر حوالے کیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں 100 میگاواٹ شمسی توانائی کے مختلف منصوبے کا آغاز کیا گیا ہے جو کہ علاقے کی بجلی کی ضروریات پورا کرنے میں مدد دے گا، کل ہی گلگت بلتستان ایجوکیشن اینڈومینٹ فنڈ کا اعلان کیا ہے جس سے گلگت بلتستان کے قابل اور مستحق طلباء مستفید ہو سکیں گے اور معاشرے کے تعمیری فرد کے طور پر پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں گے۔

تقریب میں جسٹس (ر) خلیل الرحمن رمدے نے رمدے یونیورسٹی کے حوالے سے بریفنگ میں کہا کہ رمدے یونیورسٹی گلگت بلتستان کے ضلع گھانچے کے علاقے تھاگوس میں 200 کنال رقبے پر قائم کی جا رہی ہے، رمدے یونیورسٹی دنیا کی بلندترین مقامات پر تعمیر کی جانے والی یونیورسٹیوں میں سے ایک ہوگی، یونیورسٹی میں ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی، ہائیڈرولوجی، معدنیات سمیت دیگر مضامین کی تعلیم دی جائے گی۔

اس موقع پر اسفند یار ولی رمدے اسکول گھانچے  کے طلباء نے قومی ترانہ پیش کیا۔  اسفند یار ولی اسکول گھانچے کے طلبہ و طالبات نے وڈیو لنک کے ذریعے تقریب میں شرکت کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں