راولپنڈی سے اغوا بچی کا سراغ مل گیا، اپنے ساتھ لاہور لیجانے والا ذہنی مریض نکلا

اغوا کار کے بھائی نے فون کرکے بتایا کہ راولپنڈی سے بچی کو لاہور لانے والے بھائی کا ذہنی توازن درست نہیں


ویب ڈیسک November 08, 2024
(فوٹو: اسکرین گریب)

راولپنڈی:

 

راولپنڈی  سے اغوا کی گئی بچی کا سراغ مل گیا، بچی کو اپنے ساتھ لاہور لے جانے والا ذہنی مریض نکلا۔
 
پولیس کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ پیر ودھائی کی حدود سے اغوا  کی گئی 5 سالہ بچی کا سراغ مل گیا۔ نامعلوم اغوا کار بچی کو اغوا کرکے لاہور کے گیا  تھا، جس کے بعد بچی کے متعلق پولیس کی جانب سے معلومات راولپنڈی سمیت پنجاب بھر میں فراہم  کردی گئی تھیں۔
 
سوشل میڈیا پر بھی بچی کو اغوا کرکے لے  جانے والے شخص کی سی سی ٹی وی فوٹیج و تصاویر وائرل ہو چکی تھیں، جس کے بعد لاہور میں بچی کو پہچان کر راولپنڈی پولیس کو اطلاع دی گی ۔ لاہور سے اغوا کار کے بھائی  نے لواحقین و پولیس کو فون کرکے بتایا کہ بھائی کا ذہنی توازن درست نہیں ہے، وہ پنڈی میں تھا جو بچی کو لے کر لاہور آ گیا ہے۔
 
لاہور سے بچی کی وڈیو اور تصاویر بھی شیئر کی گئیں تو انکشاف ہوا کہ بچی وہی ہے جو پیرودھائی تھانے کی حدود سے اغوا کی گئی تھی۔
 
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بچی کی  لاہور میں موجودگی کی اطلاع پر پولیس ٹیم والد و ماموں کو لے کر بچی کو راولپنڈی منتقل کرنے کے لیے لاہور روانہ ہوگی ، جس کے بعد اس کا میڈیکل کروایا جائے گا۔
 

یاد رہے کہ تھانہ پیر ودھائی راولپنڈی کے علاقے فوجی کالونی سے 5 سالہ بچی پراسرار حالات میں اغوا ہوگئی تھی، اس حوالے سے نامعلوم شخص کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی تھی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک نامعلوم شخص 5 سالہ بچی کو اپنے ساتھ ہاتھ پکڑ کر لے جا رہا ہے۔

 
پولیس نے بچی کے والد یعقوب خان کی مدعیت میں اغوا کا مقدمہ درج کیا تھا۔
 
والد کے مطابق 5 سالہ بچی گھرسے چیز لینے دکان پر گئی اور واپس نہیں آئی۔ تلاش کے باوجود رات تک کچھ پتا نہیں چلا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں شلوار قمیص پہنے نامعلوم شخص کو بچی کو لے جاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے ۔

 
 
سی سی ٹی وی فوٹیج میں نامعلوم شخص  ایک ہاتھ سے چہرہ چھپانے کی کوشش کرتا ہے اور دوسرے ہاتھ سے بچی کا ہاتھ تھامے پیدل چلتا ہوا جا رہا ہے جب کہ بچی نامعلوم شخص کےساتھ بظاہر نارمل حالت میں چلتے ہوئے دیکھی جاسکتی ہے ۔
 
بچی کے ماموں عمر خطاب کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج میں دکھائی دینے والے شخص کو نہیں جانتے، نہ ہی محلے میں اسے کوئی جانتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں