ڈپلومیٹک انکلیو میں تاریخ میں پہلی بار ’’کیس کیڈ‘‘ جدید ترین خدمت مرکز کا قیام

ڈپلومیٹک کمیونٹی اور غیر ملکی شہریوں کو 12 سے زائد خدمات ایک چھت تلے ملیں گی

اسلام آباد:

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر ڈپلومیٹک انکلیو میں تاریخ میں پہلی بار ’’کیس کیڈ‘‘ جدید ترین خدمت مرکز قائم کر دیا گیا، ڈپلومیٹک کمیونٹی اور غیر ملکی شہریوں کو 12 سے زائد خدمات ایک چھت تلے ملیں گی۔

وزیر داخلہ نے ڈپلومیٹک انکلیو میں سفارتکاروں کی سہولت کے لیے قائم ’’کیس کیڈ‘‘ خدمت مرکز کا افتتاح کر دیا۔

افتتاح کے موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے بتایا کہ ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء و تجدید، کریکٹر سرٹیفکیٹ، جنرل پولیس تصدیق، گمشدگی رپورٹ اور کرایہ داروں کی رجسٹریشن کی سہولت خدمت مرکز میں میسر ہوگی۔ غیر ملکیوں کی رجسٹریشن، گھریلو ملازمین کی رجسٹریشن، رضا کاروں کی رجسٹریشن، گاڑیوں کی تصدیق اور ایف آئی آر کی کاپی کے حصول جیسی خدمات مہیا کی جائیں گی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق سفراء اور غیر ملکیوں کی سہولت اور حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں، یہ مرکز سفارتی برادری اور تمام مہمانوں کے لیے سیکیورٹی و خدمات کی فراہمی کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ خدمت مرکز میں سفارت کاروں اور غیر ملکی شہریوں  کو تمام سہولیات ایک چھت تلے ملیں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سفارت کاروں کے ہمراہ کیس کیڈ خدمت مرکز کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے پولیس خدمت مرکز کے مختلف کاؤنٹرز کا معائنہ کیا اور  سہولتوں کا جائزہ لیا۔ آئی جی اسلام آباد پولیس نے غیر ملکی شہریوں کو فراہم کی جانے والی تمام سہولیات کے بارے میں بریفننگ دی۔

تقریب میں شریک سفارت کاروں اور غیر ملکی شہریوں نے ڈپلومیٹک انکلیو میں کیس کیڈ خدمت مرکز کے قیام پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب میں سفارت کاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ وفاقی سیکریٹری داخلہ، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈی سی اسلام آباد اور اسلام آباد پولیس کے سینیئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Load Next Story