ملتان فضائی آلودگی میں سب سے آگے، ایئر کوالٹی انڈیکس 2135 ریکارڈ

لاہور کے اردگرد ہوا کی رفتار 11 کلومیٹر فی گھنٹہ اور ملتان کے قریب 7 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے


ویب ڈیسک November 08, 2024

لاہور:

پاکستان کے سات شہر ماحولیاتی آلودگی میں سب سے آگے، ملتان 2135 اسکور سے فضائی آلودگی میں ٹاپ کر گیا۔

تفصیلات کے مطابق 676 اسکور سے لاہور دوسرے ، 290 اسکور سے پشاور تیسرے اور 245 اسکور سے اسلام آباد چوتھے نمبر پر ہے۔

خیبر پختونخوا کا شہر ہری پور 219 اسکور سے پانچویں، 192 اسکور سے راولپنڈی چھٹے اور 106 اسکور سے کراچی ساتویں نمبر پر ہے۔

لاہور کے اردگرد ہوا کی رفتار 11 کلومیٹر فی گھنٹہ اور ملتان کے قریب 7 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔ موسمیاتی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگلے ہفتے اسموگ کی صورت مزید خراب ہوسکتی ہے۔

پنجاب حکومت نے اسموگ کی شدت پر پارکس، تفریح گاہیں اور عجائب گھر 10 دن کے لیے بند کر دیے۔ پابندی 8 نومبر سے 17 نومبر تک لاگو رہے گی، خلاف ورزی پر ماحولیاتی قانون کے تحت گرفتاری اور جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔

پنجاب حکومت کی جانب سے اینٹی اسموگ کارروائیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ باربرداری کے لیے استعمال ہونے والی تمام گاڑیاں ترپال سے کور کی جائیں۔

گاڑیوں کو ترپال سے ڈھکنے کے موثر اقدامات پر سینیئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے ای پی اے، انتظامیہ، پولیس سمیت تمام اداروں کے افسران اور عملے کو شاباش دی۔

سینئیر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اپیل کی کہ عوام خاص طور پر والدین سے درخواست ہے کہ گھروں سے نہ نکلیں اور بچوں کو بھی گھر سے نہ نکلنے دیں، اسکول نہ جانے کا مطلب پکنک نہیں، احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے خدارا اپنی اور اپنے اردگرد لوگوں کی زندگیوں کی حفاظت کریں۔

لاہور میں نجی اداروں میں لگے جنریٹرز کا معائنہ، دھواں چھوڑتے جنریٹرز اور گاڑیوں کے خلاف کارروائی جاری ہے۔ 47 گاڑیاں بند، 31 گاڑیوں کے چالان اور 5 لاکھ 50 ہزار جرمانے عائد کیے گئے۔ فوڈ اسٹالز اور آؤٹ لیٹس کا معائنہ، ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزیوں پر متعدد کو سربمہر کر دیا گیا۔

شہر میں پانی کا مسلسل چھڑکاؤ بھی جاری ہے اور شہریوں سے ماسک پہننے کی پابندی کرنے کی بھی اپیل ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں