مقبوضہ کشمیر میں ذہنی دباؤ اور پست ہمتی کے باعث بھارتی فوج کے میجر نے خود کو گولی مار خودکشی کرلی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کپواڑا کے اگلے محاذوں پر تعینات بھارتی فوج کے میجر کی لاش ان کے کمرے سے ملی۔ لاش کے سر پر گولی لگی ہوئی تھی اور قریب ہی اسلحہ پڑا تھا۔
ساتھی اہلکاروں نے اپنے میجر کو نیم مردہ حالت میں ملٹری اسپتال منتقل کیا جہاں زیادہ خون بہہ جانے کے باعث ان کی موت کی تصدیق کردی گئی۔
کشمیر پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد بھارتی فوج کے میجر کی لاش آبائی علاقے روانہ کردی۔ پولیس کو بھارتی میجر کے کمرے سے خودکشی نوٹ نہیں ملا۔
پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹرز نے بتایا کہ گولی کے زخم سے اندازہ ہوتا ہے کہ گولی خود ماری گئی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔
تاہم بھارتی فوج کی جانب سے تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا اور نہ ہی خودکشی کرنے والے میجر کی شناخت ظاہر کی گئی۔
یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ذہنی دباؤ اور پست ہمتی کے باعث بھارتی فوجیوں میں خودکشی کے واقعات عام ہیں اور یہ تعداد 600 سے زائد ہوچکی ہے۔