ایم کیو ایم پاکستان کی 4 خواتین اراکین قومی اسمبلی پارلیمانی سیکریٹری مقرر
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی 4 خواتین اراکین قومی اسمبلی کو وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد وفاقی وزارتوں کی پارلیمانی سیکریٹری مقرر کردیا گیا۔
ایم کیو ایم پاکستان کی چار خاتون اراکین قومی اسمبلی رعنا انصار، نکہت شکیل خان، سبین غوری اور آسیہ اسحاق کواہم وزارتوں کی پارلیمانی سیکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد چاروں اراکین قومی اسمبلی کے پارلیمانی سیکریٹری بنانے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے، جنہیں وزارت نجکاری، وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، وزارت آبی وسائل اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن میں نمائندگی دی گئی ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کی رکن قومی اسمبلی رعنا انصار کو وزارت آبی وسائل کی پارلیمانی سیکریٹری، نکہت شکیل خان کو وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، سبین غوری کو انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن اور آسیہ اسحاق کو وزارت نجکاری کی پارلیمانی سیکریٹری مقرر کردیا گیا ہے۔