سول ایوی ایشن اتھارٹی نے انسپکٹرز کو انفورسمنٹ اختیارات دیدیے، نوٹیفکیشن جاری

کوئی بھی انسپکٹر کسی بھی وقت اپنے اعلی افسر کو بتائے بغیر کسی بھی جہاز پر جاکر انسپیکشن کرسکتا ہے


ویب ڈیسک November 09, 2024

ڈائریکٹر جنرل کی منظوری سے سول ایوی ایشن اتھارٹی انسپکٹرز کو انفورسمنٹ اختیارات دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا جس کے مطابق کوئی بھی انسپکٹر کسی بھی وقت اپنے اعلی افسر کو بتائے بغیر کسی بھی جہاز پر جاکر انسپیکشن کرسکتا ہے۔

جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کا انسپکٹر عملے کے خون کے نمونے لینے کے علاوہ کسی بھی فرد کی باڈی سرچنگ سمیت ایئرپورٹ کے اندر کسی بھی دفتر کی تلاشی لے سکتا ہے اور اس کے علاوہ انسپکٹر کو ایئرپورٹ کے اندر اور باہر کسی بھی گاڑی کی تلاشی لینے کا اختیار حاصل ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق انسپکٹر کسی بھی ادارے اور ڈیپارٹمنٹ سے کسی بھی قسم کی معلومات حاصل کرنے کا مجاز ہوگا اور کسی بھی ایئر لائن کے ہینگرز میں پارک جہاز کی تلاشی بھی لے سکتا ہے۔

انسپکٹرز کی تحریری رپورٹ پر ڈی جی سی اے اے ایئر لائن آپریشن کی بندش سمیت کوئی بھی سخت ایکشن لے سکے گا، انسپکٹرز کو اختیارات پاکستان میں سیفٹی اینڈ سیکورٹی اوور سائٹ سسٹم پر عملدرآمد کے تناظر میں دیے گئے ہیں۔

مراسلے کی کاپیاں تمام ایئر لائنز اور دیگر متعلقہ اداروں کو سختی سے عملدرآمد کے لیے ارسال کردی گئیں۔

 

 

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔