پتوکی؛ سرائے مغل میں مبینہ پولیس مقابلہ، دو ڈاکو ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک
پتوکی میں تھانہ سرائے مغل کے علاقہ ہنجرائے کلاں کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں دو انتہائی خطرناک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔
پولیس کے مطابق بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کے 02 ارکان حملہ آور ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے جبکہ حملہ آور ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، ہلاک ہونے والے دونوں ڈاکو رشید عرف شیدی کمہار اور شرافت عرف شوکی ضلع قصور، لاہور، شیخوپورہ اور ننکانہ میں ڈکیتی، راہزنی اور مویشی چوری کے 40 سے زائد مقدمات میں ملوث مجرم اشتہاری تھے۔
پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ تھانہ سرائے مغل پولیس زیر حراست دونوں ڈاکوؤں کی نشاندہی پر ہمرائی ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے جا رہی تھی کہ ڈاکوؤں کے چار ساتھی پولیس حراست سے چھڑانے کی نیت سے پولیس پارٹی پر حملہ آور ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق ڈی پی او قصور محمد عیسیٰ خاں کی ہدایت پر ڈی ایس پی پتوکی کی سربراہی میں حملہ آور ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں حملہ آوروں کے خلاف تھانہ سرائے مغل پولیس نے مقدمہ درج کر کے کاروائی کا آغاز کردیا۔