پشاور:
خیبر پختونخوا میں پولیو کا ایک اور کیس رپورٹ ہوگیا، جس کے بعد رواں سال ملک بھر میں متاثرہ بچوں کی تعداد 48 ہو گئی ہے۔
صوبائی محکمہ صحت کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل درزندہ کی یونین کونسل بہران میں 28 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ قومی ادارہ صحت اسلام آباد نے بھی متاثرہ بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق کردی ہے۔
اس سال ڈی آئی خان میں میں یہ تیسرا پولیو کیس ہے جب کہ خیبرپختونخوا میں پولیو کے کیسز کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔ اسی طرح ملک بھر میں نئے کیس کے بعد پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 48 ہوگئی ہے۔
کچھ روز قبل ہی ضلع گھوٹکی میں پولیو کا پہلا کیس سامنے آیا تھا، جس سے رواں سال ملک بھر میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 47 ہوگئی تھی۔ ضلع گھوٹکی کی تحصیل خان گڑھ کی یو سی خانپور مہر کے رہائشی 3 سالہ بچے اسماعیل قادر پتافی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔