لاہور:
کوڑا پھینکنے پر تلخ کلامی کے دوران تشدد سے 65 سالہ شخص جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق صوبائی دارالحکومت کے علاقے فیکٹری ایریا میں کوڑا پھینکنے پر معمولی تلخ کلامی پر اللہ دتہ، پرویز اور قاسم کے تشدد سے 65 سالہ امیر علی جاں بحق ہوگیا۔
واقعے کی اطلاع ملتی ہی فیکٹری ایریا تھانے کی پولیس فوری طور پر جائے وقوع پہنچی جہاں فرانزک ٹیم اور پولیس نے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا۔
پولیس حکام کے مطابق مقتول کے بیٹے زاہد علی کی مدعیت میں نامزد ملزم اللہ دتہ، پرویز اور قاسم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے کر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔