لاہور؛ اسموگ کی وجہ سے ایم-5، لاہور-سیالکوٹ موٹروے بند
دھند اور اسموگ کی وجہ سے موٹروے ایم-5 اور لاہور-سیالکوٹ موٹروے بند کردیا گیا۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم-5 شیر شاہ ملتان سے ظاہر پیر تک دھند اور اسموگ کی وجہ سے بند کردیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کے لیے بند کیا جاتا ہے، شہری زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں۔
ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا تھا کہ صبح 10 سے شام 6 بجے تک دھند کے موسم میں بہترین سفری اوقات ہیں اور گاڑی چلاتے ہوئے آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال کر یں۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب؛ دھند اور اسموگ میں اضافہ، موٹروے ایم 2 لاہور تا کوٹ سرور بند
شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موٹرویز اور دیگر راستوں کا استعمال کرنے والے افراد اسموگ کی وجہ سےغیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ تیز رفتاری سے پرہیز کر یں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں، معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں۔
موٹروے پولیس کے ترجمان نے کہا کہ لاہور-سیالکوٹ موٹروے کوبھی دھند اوراسموگ کی وجہ سے بند کردیا گیا۔